حجاج کرام سعودی حکومت کے بنائے گئے نظم وضبط کی پابندی کریں،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

جمعہ 12 جولائی 2019 18:48

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2019ء) سعودی عرب میں حج بیت اللہ کیلئے جانے والے حجاج کرام حج کے موقع پر اپنی توجہ مقدس مقامات کی روحانیت اور برکات سمیٹنے ،فریضہ حج کی ادائیگی پر مرکوز رکھیں اور ہر قسم کی مذہبی اور سیاسی نعرہ بازی سے خود کو دوررکھیں ۔ حجاج کرام کا سیاسی ،مسلکی اور فرقہ وارانہ نعروں میں ملوث ہونا ہرگز مناسب نہیں ہے۔

حج کے موقع پر اگر کوئی گروہ سیاسی نعرے بازی اور فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کرے تو اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ یہ بات مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے عازمین حج پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حج کے دوران اپنی تمام تر توجہ مناسک حج پر مرکوز رکھیں چونکہ حج کا مقصد عبادت ،قرب الٰہی ،معصیت سے اجتناب اور اطاعت خداوندی ہے۔

(جاری ہے)

حج پوری امت مسلمہ کی وحدت کی علامت ہے۔ حج کو اس کی روح کے مطابق اداکرنا ہر حاجی کی دینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے پاکستانی حجاج کی تعداد میں اضافہ اور پاکستان میں ’’روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ‘‘ کا آغاز ایک تاریخی اقدام ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ سال روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا آغازپاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حجاج کرام سعودی عرب میں سعودی حکومت کے بنائے گئے نظم وضبط کی پابندی کریں اور اپنے معلمین کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور حج کے موقع پر ہر قسم کے لڑائی جھگڑے ،فساد سے اجتناب کرتے ہوئے خالصتاً تقویٰ اختیار کریں اور قرآن وسنت کے مطابق حج کی ادائیگی کو یقینی بنائیں ۔جو قوتیں حج جیسے مقدس فریضہ کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کررہی ہیں ان شرپسند قوتوںسے حجاج کرام دور رہیں اور کسی بھی قسم کے انتشار کا حصہ نہ بنیں۔

پاکستان سے جو حجاج کرام سفر کررہے ہیں وہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیربن کر ملکی عزت اور وقار کا خیال رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بعض عناصر عالم اسلام کو بدامنی میں دھکیلنا چاہتے ہیں ۔ پاکستان کی عوام حرمین شریفین سے عقیدت رکھتے ہیں ۔دنیا کی کسی طاقت کو مکہ اور مدینہ کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے ۔ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ محض سفارتی نہیں بلکہ ایمان کا رشتہ ہے۔ مرکزی علماء کونسل سعودی حکومت کی طرف سے حجاج کرام کیلئے کئے گئے انتظامات اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں