میٹرو بس پراجیکٹ کے ذریعے پنجاب ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نئی تاریخ رقم کر رہا ہے،11 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہونے والا عوامی منصوبہ رواں ماہ کے آخر تک عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی شروع کردے گا،میٹرو بسیں پہلے دو ہفتے عوام کیلئے مفت چلائی جائیں گی، کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں رکھا جائے گا،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شر یف کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 3 جنوری 2013 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3جنوری۔ 2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت میٹرو بس پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سینیٹر پرویز رشید ، رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز، طارق عظیم، صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، مجتبیٰ شجاع الرحمن، معاون خصوصی زعیم حسین قادری، ارکان اسمبلی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایم ڈی پنجاب میٹرو بس اتھارٹی اور دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفاد عامہ کا منصوبہ میٹرو بس سروس رواں ماہ کے آخر تک عوام کو آرام دہ، باکفایت اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی شروع کر دے گا۔ یہ عظیم الشان عوامی منصوبہ 11 ماہ کی قلیل مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے میں ٹھیکیداروں اور تمام متعلقہ اداروں کا تعاون لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بسیں پہلے دو ہفتے عوام کیلئے مفت چلائی جائیں گی۔ بس کاکرایہ عام آدمی کی پہنچ میں رکھا جائے گا۔ میٹرو بس کیلئے جدید ای ٹکٹنگ سسٹم سے عوام کو سہولتیں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔ 9 کلومیٹر طویل فلائی اوور فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ منصوبے پر دن رات ایک مشن کے تحت کام جاری وساری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کی آگاہی کیلئے میٹرو بس پراجیکٹ کی ویب سائٹ بنائی جائے۔ اجلاس کے دوران منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 20 میٹرو بسیں لاہور پہنچ چکی ہیں جبکہ باقی بسیں بھی جلد پہنچ جائیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں