لاہور،میڈیکل و ڈینٹل کالجوںمیں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ25اگست کو ہوگا

منگل 16 جولائی 2019 20:49

لاہور۔16 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے زیر اہتمام پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ25اگست کو ہوگا، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم افضل نے منگل کے روز علامہ اقبال میڈیکل کالج میں انٹری ٹیسٹ کے موضوع پر تعارفی سیمینار سے خطاب کے دوران کہا کہ انٹری ٹیسٹ بیک وقت 13شہروں لاہور، فیصل آباد ، ملتان، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ساہیوال ، سرگودھا، بہاولپور، حسن ابدال، ڈی جی خان اور رحیم یار خان میںہوگا،پروفیسر ندیم افضل نے مزید کہا کہ انٹری ٹیسٹ صبح10بجے شروع اور ساڑھے 12بجے اختتام پزیر ہوگا،انہوں نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے پرچے کی تیاری سے لیکر اس کی ترسیل تک جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے تاکہ پرچہ کی سکیورٹی یقینی بنائی جاسکے، پروفیسر ندیم افضل نے سیمینار میں بتایا کہ اس مرتبہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی نئی پالیسی کے مطابق انٹری ٹیسٹ کا پرچہ کل 200سوالات پر مشتمل ہوگا جن میں سے 80 سوالات بیالوجی ، 60کیمسٹری، 40فزکس اور 20 سوال انگریزی کے ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے قواعد و ضوابط2018ء کی روسے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے امیدوار کا ایف ایس سی یا مساوی اہلیت کا امتحان کم از کم 70فیصد نمبر لے کر پاس کرنا ضروری ہے، تاہم ایسے امیدوار جن کا ایف ایس سی کا رزلٹ نہیں آیا ہے وہ بھی انٹری ٹیسٹ میں بیٹھ سکیں گے،انہوں نے بتایا کہ ایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن بینک آف پنجاب کے ذریعے آن لائن ہوگی جو19جولائی سے شروع اور اس کی آخری تاریخ29جولائی ہوگی، انھوں نے بتایا کہ انٹری ٹیسٹ کی درخواست کے ساتھ کوئی دستاویز جمع نہیں کرانی ہوگی، درخواست آن لائن جمع کرانے کے 72گھنٹے کے اندر بینک ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے امیدوار کو اس کا رول نمبر اور امتحانی مرکز بھیج دے گا، اس موقع پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے امیدواروں کو ہدایت کی کہ وہ صبح نو بجے سے قبل اپنے اپنے امتحانی مرکز پہنچ جائیں ، ٹھیک سوا نوبجے امتحانی مراکز بند کردیے جائیں گے اور کسی کو اندر آنے کی اجازت نہیں ہوگی، انھوں نے مزید کہا کہ اوپن میرٹ سیٹوں پر داخلے کیلئے امیدوار کے پاس پنجاب یا اسلام آباد کا ڈومیسائل ہونا ضروری ہے،گلگت بلتستان اور غیر ملکی شہریت رکھنے والے طلبہ مخصوص سیٹوں پر داخلے کیلئے پنجاب کا انٹری ٹیسٹ دے سکیں،کسی بھی امیدوار کو ایڈمیٹنس کارڈ اور اصل پاسپورٹ یا شناختی کارڈکے بغیر انٹری ٹیسٹ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی، امتحانی مرکز میں داخلے کیلئے اس سال ڈومیسائل یا ب فارم قابل قبول نہیں ہوگا،پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کے قواعد 2018ء کی روسے اس سال میرٹ تشکیل دیتے ہوئے انٹری ٹیسٹ کے نمبروں کی ویٹیج 50فیصد اور ایف ایس سی کے نمبروں کی 50فیصد ہوگی، میٹرک کے نمبروں کی ویٹیجختم کردی گئی ہے،انھوں نے کہا کہ امتحان کے دوران امتحانی مرکز میں کیلکولیٹر ، موبائل فون، کتابیں اور نوٹس لانے کی اجازت نہیں ہوگی،امیدوار اپنے ساتھ اینا لوگ گھڑی لاسکتا ہے، ڈیجیٹل یا سمارٹ واچ کی اجازت نہیں ہوگی، امیدوار کیلئے ضروری ہے کہ وہ جوابی کاپی پر نیلے رنگ کے بال پوائنٹ سے دائرے بھر کر جواب دے، پینسل یا مارکر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،اس سال بھی امیدوار اپنا سوالیہ پرچہ ساتھ لے جاسکیں گے، مزید برآں انٹری ٹیسٹ کے بعد جوابی کلیدانٹرنیٹ پر جاری کردی جائیگی تاکہ طلبہ اپنا رزلٹ خود تیار کرسکیں، یہ جوابی کلیداگلے روز اخبارات میں بھی شائع کی جائیگی، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر عارف تجمل نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی درسی کتب سے انٹری ٹیسٹ کی تیاری اس نصاب کے مطابق کریں جویو ایچ ایس کی ویب سائیٹ پر موجود ہے، بعدازاں پروفیسر جاوید اکرم اور پروفیسر عارف تجمل نے طلبہ کے سوالات کے جواب بھی دیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں