مسلسل کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی موسلا دھار بارش سے معمولات زندگی معطل

،لاہور وینس بن گیا نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ،کئی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا ،بارش کا پانی گھروں ، دکانوں اور تہہ خانوں میں داخل گاڑیاں ،موٹرسائیکلیںبند ہونے سے ٹریفک کا نظام سست روی کا شکار ، سرکاری ونجی دفاتر میں حاضری معمول سے کم رہی بجلی کا نظام بھی معطل، وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزراء کے نکاسی آب کیلئے آپریشن کا جائزہ لینے کیلئے مختلف مقامات کے دورے

منگل 16 جولائی 2019 22:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں مسلسل کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی موسلا دھار بارش نے معمولات زندگی معطل کر دئیے ،شدید بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور کئی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا ، مختلف علاقوں میں بارش کا پانی لوگوں کے گھروں ، دکانوں اور تہہ خانوں میں داخل ہونے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھیگ کر خراب ہو گیا،بارش کے باعث مختلف شاہراہیں بھی کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب گئیںجس کی وجہ سے گاڑیاں او رموٹرسائیکل بند ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی سست روی کا شکار رہا ، موسلا دھار بارش کی وجہ سے سرکاری او رنجی دفاتر میں حاضری معمول سے کم رہی ، شدید بارش کی وجہ سے بجلی کے ترسیلی نظام میں تعطل آنے سے مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی وزراء نکاسی آب کیلئے آپریشن کا جائزہ لینے کیلئے مختلف مقامات کے دورے کرتے رہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں مسلسل چوتھے روز صبح کے وقت موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا ۔ شدید بارش سے صوبائی دارالحکومت کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوہو گیا ۔ شدید بارش کی وجہ سے شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے اور ان کے معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے ۔ بارش کی وجہ سے سرکاری اور نجی دفاتر میںملازمین کی حاضری معمول سے کم رہی ۔

شدید بارش کی وجہ سے سول سیکرٹریٹ کے مختلف حصوں میں بھی پانی کھڑا ہو گیا ۔شدید بارش کی وجہ سے مارکیٹیں اور بازار بھی پانی میں ڈوب گئیں جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر رہیں۔ کئی مقامات پر بارش کا پانی لوگوں کے گھروں، بازاروں اور تہہ خانوں میں بھی داخل ہو گیا جس کی وجہ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھیگ کر خراب ہو گیا۔

بارش کی وجہ سے مختلف شاہراہیں پر کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب گئی جس کی وجہ سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیںکھڑے پانی میں بند ہوتی رہیں اور شہری اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو دھکا لگا کر ورکشاپس تک لے جاتے ہوئے دکھائی دئیے ۔گاڑیوں کے بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک بھی سست روی کاشکار رہی ۔اک موریہ پل، دو موریہ پل ،جی روڈ ، سرکلر روڈ ، گڑھی شاہو ،لاری اڈا ، فیروز پور روڈ سمیت کئی مقامات پر ٹریفک کا نظام بری طرح جام ہو گیا جس سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی رہیں ۔

دوسری جانب کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی موسلا دھار بارش سے لیسکو کے ترسیلی نظام بھی تعطل آیا اور مختلف علاقوںمیں بجلی بند رہی ۔ تاہم بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد لیسکو کے آپریشنل سٹاف نے مرحلہ وار بجلی بحال کر دی ۔وسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب اورصوبائی وزراء بھی نکاسی آب کے لئے آپریشن کا جائزہ لینے باہر نکلے جبکہ انتظامی مشینری بھی متحرک نظر آئی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں