وزیر قانون وبلدیات پنجاب کا بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

سابق حکمرانوں نے لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے کیے لیکن وینس بنا ڈالا، ہماری حکومت سیوریج کا بہترین نظام لائے گی‘ راجہ بشارت

منگل 16 جولائی 2019 22:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) صوبائی وزیر قانون وبلدیات پنجاب راجہ بشارت نے بارش کے دوران لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں نکاسی آب، صفائی اور ٹریفک کی بحالی کے لیے جاری کام کا معائنہ کیا-اس دوران ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید بھی ان کے ہمراہ تھیں جنہوں نے آپریشنل سرگرمیوں پر بریفنگ دی- صوبائی وزیرنے مال روڈ، لٹن روڈ، چوبرجی، میانی صاحب، مزنگ چوک، کوئین روڈ، جیل روڈ، گلبرگ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا-انہوں نے انتہائی ناموافق موسم اور تیز بارش میں کام کرنے والے ملازمین کو شاباش دی اور متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ دفتروں میں نہ بیٹھیں بلکہ فیلڈ میں نکل کر آپریشنل سرگرمیوں کی نگرانی کریں- انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے کیے لیکن کرپشن کی وجہ سے اسے وینس بنا ڈالا لیکن ہم انشا اللہ سیوریج کا بہترین نظام لائیں گی-انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سمیت صوبائی وزرا اور سرکاری مشینری فیلڈ میں دورے کر کے عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کر رہی ہی-راجہ بشارت نے کہا کہ بارش بہت زیادہ ہو رہی ہے تاہم واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، ٹریفک پولیس اور بلدیاتی اداروں کے ملازمین فیلڈ میں رہ کر شہریوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے میں مصروف ہیں-انہوں نے محکموں کو ہدایت کی کہ وہ نشیبی اور گنجان آباد علاقوں سے پانی کی نکاسی پر خصوصی توجہ دیں اور ٹریفک کی بحالی کو یقینی بنائیں-راجہ بشارت نے محکمہ بلدیات کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے وہ اپناعملہ اور مشینری تیار رکھیں اور ممکنہ متاثرین کے ریلیف کے لیے دیگر محکموں سے مل کر امدادی سرگرمیوں کو یقینی بنائیں-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں