پاکستا نی برآمدات میں اضافے کی کوششیں جا ری ہیں،بہت جلد ملک میں بڑی سرمایہ کاری آئیگی،بیرون ممالک کمرشل سیکشنز کو فعال کرنے کی ضرورت ہے،صاحبزادہ عامر جہانگیر کا ایف پی سی سی آئی میں خطاب

بدھ 17 جولائی 2019 17:40

لاہور۔17 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) پاکستا نی برآمدات میں اضافے کیلئے بھر پور کوشش کی جا رہی ہے،بہت جلد ملک میں بڑی سرمایہ کاری لے کر آئوں گا، یورپ اور برطانیہ کے تمام ممالک میں پاکستانی مصنوعات کے ڈسپلے سنٹرز بنائے جائیں گے،نامور بزنسمین بل گیٹس بہت جلد پاکستان کا دورہ کریںگے،بیرون ممالک کمرشل سیکشنز کو فعال کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان میں سب کے لئے قانون یکساں ہونا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہاروزیراعظم کے ترجمان برائے تجارت و سرمایہ کاری برائے یوکے اینڈ یورپ صاحبزادہ عامر جہانگیر نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل آفس لاہور میں ریجنل چیئرمین عبدالرؤف مختار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کی صنعتیں چلیں اور ایسی مصنوعات وقت کی ڈیمانڈ کے حساب سے بنائیں تاکہ یورپ اور یوکے میں پاکستان کی برآمدات بڑھائی جا سکیں۔

اس موقع پر پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیئرمین شعیب زاہد ملک نے کہاکہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے مسائل کو حل کر رہے ہیں،توانائی اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین عبدالرؤف مختار نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے صنعتکاروں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہاکہ ٹیکس کے مسئلے میں لوگوں کو آگاہ کرنا ہوگا اس میں صنعتکار خصوصی طور پر ایف پی سی سی آئی اپنا کردار ادا کرے۔

ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر شیریں ارشد خان نے کہاکہ وفود کے تبادلوں سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے، خواتین ملکی معیشت کی بہتری میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔ وزیر اعلی شکایت سیل کے وائس چیئرمین ناصر سلیمان، ممبر صوبائی اسمبلی عطا الرحمن، منظور ملک، عرفان قادری، ذکی اعجاز، عرفان کھوکھر سمیت دیگر نے بھی اس موقع پر اپنی تجاویز پیش کیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں