پولیس سٹیشن ہمارا گھر ہے،آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق تھانوں کوعوامی توقعات کے مطابق آئیڈیل رسپانس یونٹ بنا رہے ہیں،ڈی آئی جی آپریشنزلاہور

بدھ 17 جولائی 2019 17:40

لاہور۔17 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے کہا ہے کہ پولیس سٹیشن ہمارا گھر ہے،آئی جی پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان کے ویژن کے مطابق تھانوں کوعوامی توقعات کے مطابق آئیڈیل رسپانس یونٹ بنا رہے ہیں۔آئی جی پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت جرائم پیشہ افراد کیخلاف کسی ایکشن سے قبل بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹ کا استعمال اور حفاظتی تدابیر لازمی اختیار کریں۔

شہریوں سے بدسلوکی اور تشدد کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں نئے پاس آئوٹ ہونے والے ٹرینی اے ایس آئیز کے 60ویں بیچ کے ٹریننگ سیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاس آئوٹ ہونے والوں میں 03 لیڈی پولیس افسران سمیت 70 ٹرینی اے ایس آئیز شامل تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشنز لاہور اسماعیل الرحمٰن کھاڑک،ایس پی سکیورٹی محمد نوید،ایس پی ہیڈکوارٹرز سید کرار حسین،ایس پی سی آر او اسد الرحمٰن،ڈی ایس پیز اور متعلقہ پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے ٹرینی اے ایس آئیز کو آئندہ تربیتی کورسسز اور پروفیشنل کیریئر میں کامیابی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اے ، بی ، سی اور ڈی کوسسز پر مشتمل ٹریننگ پروگرامز پر بھرپور فوکس ہی آئندہ کیریئر میں ترقی اور کامیابی کا ضامن ہے۔پولیس ایک ڈسپلن فورس ہے۔ اچھی کارکردگی اور نظم و ضبط اختیار کرکے ہی ترقی کی بلندیوں کو پایاجا سکتا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی تھانوں میں انڈر ٹرائل ملزمان کا ضروری اندراج،مکمل جامہ تلاشی اور میڈیکل کو ہر صورت یقینی بنائیں ۔اشفاق خان نے مزید کہا کہ ملزمان کے دوران حراست فرار کے واقعات کے تدارک کیلئے موثر لائحہ عمل اپنائیں۔ٹرینی اے ایس آئیز نے سہالہ ٹریننگ سنٹر سے پروبیشنر کلاس کورس جبکہ ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں روڈ سے اورینٹیشن ایلیٹ کورس بھی مکمل کیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے کہا کہ نئے بھرتی ہونے والے افسران پولیس شہداء کے وقار اور نیک نامی کے علمبردار ہیں۔آپ سب بھی مظلوموں کی مدد کر کے ادارے کی نیک نامی کا باعث بنیں۔ مزید براں پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ہی ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان کا اردل روم منعقد ہوا۔پولیس ملازمین اپیلوں،ذاتی مسائل اورٹرانسفر پوسٹنگ سمیت مختلف معاملات میں اردل روم میں پیش ہوئے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے اپیلوں اور درخواستوں کا جائزہ لے کر موقع پر احکامات صادر کئے ۔اشفا ق خان نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ پولیس میں سزا اور جزا کا عمل کسی بھی دوسرے محکمہ سے زیادہ ہے۔ اردل روم میں ذاتی شنوائی کا مقصد پولیس ملازمین کے معاملات میں سفارش کلچر کی حوصلہ شکنی ہے۔انہوں نے کہا کہ براہ راست شنوائی سے مسائل کے فوری حل اور انتظامی امور بہتر بنانے کے حوالے سے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ پولیس ملازمین اپیلوںاورٹرانسفر پوسٹنگ کیلئے سفارشیں کروانے کی بجائے اردل روم میں اپنے مسائل سامنے لائیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں