طلبہ دو سالہ گریجوایشن ڈگری کی جگہ ایسوسی ایٹ ڈگری میں داخلہ لے سکیں گے،ایسوسی ایٹ ڈگری میں جاب مارکیٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے مضامین پڑھائے جائیں گے،راجہ یاسر ہمایوں سرفراز

بدھ 17 جولائی 2019 23:18

لاہور۔17 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے یہاں ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ طلبہ دو سالہ گریجوایشن ڈگری کی جگہ ایسوسی ایٹ ڈگری میں داخلہ لے سکیں گے۔ایسوسی ایٹ ڈگری میں جاب مارکیٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے مضامین پڑھائے جائیں گے۔ طلبہ کم و بیش 30 مضامین میں ڈگریاں حاصل کر سکیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ جس وقت ہمیں حکومت ملی سارا تعلیمی نظام ایڈہاک ازم پہ چل رہا تھا۔ ہم نے 300 کالجز کے مستقل پرنسپلز، تمام جامعات کے وائس چانسلرز، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور تعلیمی بورڈز کے چیئر مین میرٹ پر لگائے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان شفافیت اور میرٹ کے علمبردار ہیں انکے خوف سے کوئی کرپشن کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

انتہائی معتبر اساتذہ پر مشتمل سرچ کمیٹی نے تمام اہم عہدوں پر شفاف عمل کے تحت تعیناتیاں کی ہیں۔

جب سربراہ میرٹ پر لگایا جاتا ہے تو مثبت اثرات نظر آتے ہیں۔ کالج اساتذہ کے تبادلوں کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹرانسفر سسٹم کو آن لائن کر رہے ہیں اب اساتذہ کو دفتروں کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ وزیر ہائر ایجوکیشن نے کہا کہ تعلیم پر سیاست نہیں ہونی چاہئے اس لئے تعلیمی پالیسی پر اپوزیشن سے بھی مشاورت کی جا رہی ہے، اپوزیشن کو بھی تعلیمی اصلاحاتی کمیٹی کا حصہ بنایا جائے گا۔

یونیورسٹیر کے بارے پوچھے گئے سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام سرکاری جامعات کے لئے یکساں چارٹر ہو گا جبکہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن یونیورسٹیز کے اقدامات کی مانیٹرنگ کرے گا۔ تعلیمی نظام میں اچانک تبدیلی سے طلبہ کے نقصان کا خدشہ ہے اس لئے انتہائی سوچ بچار کے جامع پالیسی مرتب کی ہے۔ ہمیں اپنے تعلیمی اداروں کا معیار بین الاقوامی اداروں کے برابر لانا ہے۔

رواں سال انٹر کے رزلٹ کارڈ میں ایک کالم گریڈنگ کا بھی ہو گا۔ پاس ہونے والے طلبہ کے نمبروں کے تناسب سے گریڈ دیئے جائیں گے۔ جبکہ امتحانی پرچہ طالب علموں کی مضمون کے بارے میں سمجھ اور تخلیقی صلاحتیں چانچنے کے لئے ترتیب دیا جائے گا۔ موجودہ نظام میں وہ طلبہ زیادہ کامیاب ہو رہے ہیں جن کا رٹا اچھا ہے۔ انہوں نے کہا ہائر ایجوکیش میں بہتری کے لئے سکول سسٹم میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔

وزیر سکول ایجوکیشن بھی بنیادی تبدیلیاں کر رہے ہیں جبکہ 12 ویں جماعت تک تعلیم کو سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے تحت کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ چیئرمین بورڈز کو امتحانات میں پیپرز کی مارکنگ بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ راجہ یاسر نے کہا کہ اب طلبہ سڑکوں کی بجائے کھیلوں کے میدان میں نظر آئیں گے۔ یونیورسٹی سپورٹس لیگ کا اس دفع بھرپور اہتمام کیا جائے گا جس کے لئے فنڈز بھی مختص کئے گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں