اوور سیز پاکستانیز ملکی معیشت کی مضبوطی و استحکام کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری

بدھ 17 جولائی 2019 23:18

لاہور۔17 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) اعجاز جعفر نے کہا ہے کہ اوور سیز پاکستانیز ملکی معیشت کی مضبوطی و استحکام کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے مسائل اور شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی روم سول سیکرٹریٹ میں اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی ڈسٹرکٹ اوور سیز کمیٹی لاہور ڈویژن کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وائس چیئرپرسن او پی سی چوہدری وسیم اختر ، کمشنر او پی سی سید جاوید اقبال بخاری، ڈائریکٹر جنرل او پی سی احسن وحید، چیئرپرسنز ڈی او پی سی، ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز لاہور ڈویژن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وائس چیئرپرسن او پی سی چوہدری وسیم اختر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔

اوور سیز پاکستانی سالانہ 21 ملین روپے کی خطیر رقم زرمبادلہ بھیج کر معیشت میں اپنا جاندار کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے ڈسٹرکٹ اوور سیز پاکستانیز کمیٹیوں کے باقاعدگی سے اجلاسوں کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور متعلقہ اداروں کی مشاورت کے ساتھ اوور سیز پاکستانیوں کی زمینوں اور پلاٹوں پر ناجائز قابضین کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔

کمشنر او پی سی سید جاوید اقبال بخاری نے اجلاس کو حل شدہ شکایات ، جاری پیشرفت، نمایاں اعداد گراف، قابل ذکر کارکردگی اور دیگر امور بارے تفصلی بریفنگ بھی دی۔ اوور سیز پاکستانیز کمیشن نے اب تک 6476 شکایات حل کی ہیںجبکہ لاہور ڈویژن کے چار اضلاع (لاہور، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب) سے 2920 کمپلینٹس حل کی گئی ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) اعجاز جعفر نے پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کو اوور سیز پاکستانیوں کی زیر التواء شکایات کو جلد حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اگلا اجلاس 3ماہ بعد منعقدہ کیا جائے گا جس میں DOPCs کی کارکردگی کو جانچا جائے گا ۔ اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات حل کرنے کے ضمن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کو تعریفی اسناد دی جائے گی جبکہ کارکردگی خراب ہونے کی صورت میں افسران کی سرزنش کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں