میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کا مالی سال 2019-20ء کے لئے 12ارب 4کروڑ 87لاکھ 92ہزار روپے حجم کا بجٹ منظور

بدھ جولائی 23:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2019ء) میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کا مالی سال 2019-20ء کے لئے 12ارب 4کروڑ 87لاکھ 92ہزار روپے حجم کا بجٹ منظور کر لیا گیا ، بجٹ میں غیر ترقیاتی گرانٹ حکومت پنجاب کے لئے 1ارب 92کروڑ 29لاکھ 30ہزار روپے ، ترقیاتی گرانٹ حکومت پنجاب کیلئے 52کروڑ 31لاکھ 26ہزارروپے اور محصولات آمدن کے لئے 5ارب 3کروڑ 8لاکھ 70ہزار روپے کا تخمینہ ہے ۔

علاوہ ازیں ملازمین کی تنخواہوں کے لئے 2ارب 3کروڑ 82لاکھ 36ہزار ، پنشنرز کے لئے 2ارب 50کروڑ ، جاری ترقیاتی سکیموں کے لئے 16کروڑ 52لاکھ 42ہزار ، نئی ترقیاتی سکیموں کے لئے 2ارب 74کروڑ 73لاکھ 98ہزار ، سائر اخراجا ت کے لئے 3ارب 90کروڑ 67لاکھ 57ہزار روپے رکھے گئے ہیں ۔ کل بجٹ کا 25.645فیصد حصہ ترقیاتی اخراجات کے لئے جبکہ 74.355فیصد حصہ غیر ترقیاتی اخراجات کے لئے مختص کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن آصف بلال لودھی کی زیر صدارت بجٹ کے حوالے سے پریس بریفنگ دی گئی ۔ میڈیا سے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیو ، روڈز ، پارکنگ ، سٹریٹس ، بلڈنگز ، اور پبلک فیسیلیٹیز کے لئے بھی بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔ ایڈمنسٹریٹر لاہور آصف بلال نے کہا کہ بجٹ کی تیاری کیلئے محکمہ پلاننگ ، ریگولیشنز اور فنانس 15دن سے کام کر رہے تھے جس کی منظوری کے لئے کئی میٹنگز بلائی گئیں اور پھر اسے حتمی شکل دی گئی ۔

ایڈمنسٹریٹر لاہور کا کہنا تھا کہ شہر لاہور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے جس کے لئے سٹریٹ لائٹس کی تنصیب ایک ضروری عمل ہے تاکہ جرائم سے بچا جاسکے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے جس کے لئے ناقابل استعمال واٹر فلٹریشن پلانٹس کو ٹھیک کرکے صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ تاکہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر آسکے ۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے آصف بلال لودھی کا کہنا تھا کہ ایم سی ایل نے 50ایکڑ پر مشتمل زمین واگزار کروا کر ایک بوٹینیکل پارک تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔مزید براں سیوریج کے نظام کو بہتر کرنے ، لاری اڈا لاہور کی مرمت اور پبلک ٹوائلٹس کے لئے مستقل بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔سڑکوں پر پیچ ورک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کام کو جلداز جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments