وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس

محکمہ خزانہ، سکول ایجوکیشن، انرجی، ا یریگیشن، لوکل گورنمنٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سفارشات پیش کی گئیں

جمعرات 18 جولائی 2019 23:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2019ء) صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا 12اجلاس گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر،سیکرٹری فنانس عبداللہ سنبل اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں محکمہ خزانہ، سکول ایجوکیشن، انرجی، ا یریگیشن، لوکل گورنمنٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سفارشات پیش کی گئیں۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے پنشن فنڈ مینجمنٹ کمیٹی کے غیر سرکاری ممبر کی منظوری، محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے سکولوں کی تعمیر اور بحالی کے پروگرام کے فنڈز کے اجراء ، انرجی کی جانب سے قائداعظم تھرمل پاور لمیٹڈ کے مالی معاملات، محکمہ آبپاشی کی جانب سے انفراسٹریکچر کے سیلاب سے تحفظ کے لیے پتھر کی خریداری، لوکل گورنمنٹ کی جانب سے ٹی ایم اے شیخوپورہ کے واجبات کی ادائیگی کے لیے خصوصی گرانٹ اور محکمہ داخلہ کی جانب سے سٹی ٹریفک ڈیپارٹمنٹ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹیکنیکل کی بھرتی کے لیے پابندی کے خاتمے کی سفارشات پیش کی گئیں ۔

(جاری ہے)

سفارشات کے بغور جائزہ کے بعد کمیٹی کی جانب سٹی ٹریفک پولیس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹیکنیکل کی بھرتی ، محکمہ آبپاشی کو پتھر کی خریداری اور ٹی ایم اے شیخوپورہ کو واجبات کی ادائیگی کے لیے امدادی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔ صوبائی وزیر نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ بجٹ سے اخراجات پورے کریں اور وسائل میں اضافے کے لیے بزنس پلان ترتیب دیں۔

گرانٹ کی سفارشات کے ساتھ کارکردگی کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں کے کس کس علاقے میں پانی فراہم کیا گیا اور کہاں کن مسائل کو کنٹرول کیا گیا۔ یوٹیلٹی واجبات کی ادائیگی کے لیے گرانٹس کے مطالبات درست نہیں ۔ انرجی ڈیپارٹمنٹ کو قائد اعظم تھرمل پاور کے معاملات وفاق کے ساتھ زیر بحث لانے جبکہ پنشن فنڈ مینجمنٹ کمیٹی کے غیر سرکاری ممبر کا انتخاب نامزدگان کے انٹرویوز کے بعد کرنے کی ہدایت کی گئی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سکولوں کی تعمیر اور بحالی کے لیے فنڈز کا اجراء ڈویلپمنٹ پارٹنر کی شرائط اور پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے موزوں میکانزم کے تحت کیا جائے گا۔ فنڈز کے اجراء سے استعمال تک ہر مرحلہ پر مانیٹرنگ کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ فنڈز درست جگہ استعمال ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں