شہباز شریف پریس کانفرنس کرکے شعبدہ بازی نہ دکھائیں ‘

علی عمران نے جعلی ٹی ٹی کے ذریعے باہر سے کروڑوں رو پے منگوائے‘ شہباز شریف فیملی کی تمام امپائر ان جعلی ٹی ٹیز کی وجہ سے بنی، پورا ٹبر چور ثابت ہو چکا‘احتساب سے ملک بدنام نہیں ہوتا ، شہباز شریف مجھے لندن کی عدالت میںگھسیٹنے کا وعدہ پورا کریں، ایک ہفتے بعد مزید انکشافات کروں گا کہ کون کون سے سیاسی حواری آپ کے لیے منی لانڈرنگ کرتے تھے، آصف علی زرداری اورشریف فیملی پیسے ادا کریں اور آزاد ہوں ‘ پلی بارگین کرنا چاہتے ہیں تو نیب کے ساتھ کریں‘ جج ویڈیو لیک ڈرامے کے حوالے سے حقائق جلد سامنے آئیں گے‘شاہد خاقان عباسی نے اس کمپنی کو ٹھیکہ دیا جس کے شئیر ہولڈر وہ خود تھے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 18 جولائی 2019 23:36

لاہور۔18 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف پریس کانفرنس کرکے شعبدہ بازی نہ دکھائیں بلکہ مجھے لندن کی عدالت میںگھسیٹنے کا وعدہ پورا کریں، ہم شہباز شریف صاحب سے ایرا فنڈز سے کی گئی صرف تین ادائیگیوں کا پوچھ رہے ہیں کہ یہ بتائیں کہ آپ کے داماد علی عمران کو 6 کروڑ کیوں دیے گئے۔

وہ گذ شتہ روز ایوان وزیر اعلیٰ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل اور شوکت بسرا بھی موجود تھے۔ شہزاد اکبر نے کہاکہ شہباز شریف نے ایک شعبدہ بازی دکھائی ، میراشہباز شریف کی پریس کانفرنس کا جواب دینا ہی نہیں بنتا ،غیر ملکی جریدے نے جو سٹوری دی اس کے خلاف انہوں نے کوئی دعویٰ دائر نہیں کیا حالانکہ خبر دی غیر ملکی جریدے نے اور یہ ذمہ دار مجھے ٹھہرا رہے ہیں ،ہم صرف ان تین ادا ئیگیوں کا پوچھ رہے ہیں جو ایرا کے اکاونٹ سے ہوئیں ،پہلی پیمنٹ بیس دوسری تیرہ اور تیسری ستائیس ملین کی تھی جو کل چھ کروڑکی رقم نوید اکرام نے شہباز شریف کے داماد علی عمران کو ٹرانسفر کی ،علی اینڈکو کمپنی علی عمران کی ہے جس کا ایرا کے ساتھ کوئی معاہدہ کبھی نہیں ہوا ،شہباز شریف اپنے داماد سے پوچھیں کہ چھ کروڑ کی رقم کیوں لی ،علی عمران نے 80 کنال زمین لاہور کے نواح میں خریدی، جعلی ٹی ٹی کے ذریعے باہر سے کروڑوں روپے منگوائے ،دو سو سے زائد ٹی ٹیز منگوائی گئیں ،شہباز شریف فیملی کی تمام امپائر ان جعلی ٹی ٹیز کی وجہ سے بنی، زمین خریدتا ہے نوید اکرام اور پاور آف اٹارنی علی عمران کے نام ہے ،2018 سے علی عمران مفرور ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ دو بندوں نے چوری کی، ایک بندے نوید اکرام کو گرفتار کروا کے چھترول کروائی اور علی عمران داماد تھا تو اسے ملک سے بھگا دیا، دراصل شہباز شریف کی پریس کانفرنس شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر نہیں بلکہ پورے کا پورا ٹبر چور ثابت ہو چکا ہے، جسے پریس کانفرنس کرکے سیاسی رنگ دینے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، میرا سوال ہے کہ ایسا کون سا کاروبار ہے جس میں کیش میں کروڑوں اربوں گھر میں رکھے جاتے ہیں ،آپ وزیراعلیٰ اور آپ کے بچے اعلی ہی اعلی ،شہباز شریف کی چوری پکڑی جا رہی ہے جس کا جواب ان کے پاس نہیں ، شہباز شریف فیملی پر منی لانڈرنگ کا الزام ہے ، شہباز صاحب آپکی جو جائیدادیں منجمد ہوئیں وہ سب کی سب ٹی ٹیز کے ذریعے خریدی گئیں ،تمام دستاویزات موجود ہیں ان کے جواب بھی تو دیں ،اب شہباز شریف کہتے ہیں کہ پاکستان بدنام ہو رہا ہے ،احتساب سے ملک بدنام نہیں ہوتا ،شہباز شریف جذباتیت چھوڑیں ،اپنا وعدہ پوراکریں جو آپ نے کیا تھا کہ آپ مجھے برطانیہ کی عدالت میں گھسیٹیں گے ،آپ نے وعدہ کیا تھا زرداری کوگھسیٹیں گے اب آپ خود گھسٹ رہے ہیں ان کے ساتھ ، میں آپ کی منت کرتا ہوں خدارا جا کر مجھ پر کیس کریں ۔

معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف صاحب ایک ہفتے بعد مزید انکشافات کروں گا کہ کون کون سے سیاسی حواری آپ کے لیے منی لانڈرنگ کرتے تھے،ہم چاہتے ہیں کہ آصف زرداری اورشریف.فیملی پیسے ادا کریں اور آزاد ہوں ،ہم خود بھی ان لوگوں کو جیلوں میں رکھنا نہیں چاہتے ،ان کوجیلوں میں رکھ کر پروٹوکول, سیکیورٹی اور اللوں تللوں پرہونے والے اخراجات نہیں کرنا چاہتے ،اگر یہ لوگ پلی بارگین کرنا چاہتے ہیں تو نیب کے ساتھ کریں ۔

ایک سوال پر شہزاد اکبر نے کہا کہ مجرموں کے تبادلے کے معاہدے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہمارے ملک میں سزائے موت ہے، حکومت اور اپوزیشن میں احتساب کے حوالے سے کوئی تفریق نہیں کررہے ، اسحاق ڈار سب سے اہم کیس ہے ،برطانیہ کے ساتھ ہمارا ایم او یو سائن ہواہے کہ قانونی تقاضے پورے ہونے پر اسحاق ڈار کو حوالے کیا جا سکے گا، شہزاد اکبر نے کہا کہ نیب کو کہا ہے کہ ان کے ملزمان جو بھی ملک سے باہر ہیں ان کی فہرست دیں تاکہ حکومت اس پر کارروائی کرے ، شہزاد اکبر نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج کی ویڈیو لیک ہونے پر مقدمہ درج ہوا اور میاں طارق گرفتار ہوا ،جلدہی اس ڈرامے اور پس منظر میں کرداروں کے حوالے سے حقائق سامنے آئیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہاز گل نے کہا کہ شہباز شریف فیملی بری طرح ایکسپوز ہو چکی ہے ،آئندہ کچھ دنوں میں بہت سے گرفتار ہونے لگے ہیں ،شاہد خاقان عباسی نے اس کمپنی کو ٹھیکہ دیا جس کے شئیر ہولڈر وہ خود تھے ،(ن)لیگ کے اور بھی لوگ ہیں جو گرفتار ہونے جا رہے ہیں اسی لیے چیخ رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں