شہباز شریف قوم کو بتائیں سلمان شہباز ،علی عمران کیوں بیرون ملک فرار ہوئے ،واپس کب آئینگی ‘ جمشید چیمہ

پوری قوم کا مطالبہ ہے احتساب کے شکنجے کی گرفت مزید مضبوط ہونی چاہیے ‘پارٹی دفتر میں رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو

جمعہ 19 جولائی 2019 15:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف قوم کو بتائیں ان کے صاحبزادے سلمان شہباز اور داماد علی عمران کیوں بیرون ملک فرار ہوئے اور واپس کب آئیں گی ، سابقہ حکمرانوں نے کرپشن او رلوٹ مار کیلئے قومی خزانے میں ہر طرف سے نقب لگا رکھی تھی ، پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ احتساب کے شکنجے کی گرفت مزید مضبوط ہونی چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حلقہ این اے 127کے دفتر میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ایک سرکاری افسر کروڑوں روپے کی کرپشن کرتا ہے اور اسی سے سابق وزیر اعلیٰ کے داماد کے پلازے میں جائیداد بھی خریدتا ہے ۔

(جاری ہے)

شہباز شریف اپنی کرپشن کا مزید پردہ چاک ہونے کے خوف سے کسی فورم سے رجوع نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ احتساب سے ملک بدنام نہیں ہورہا بلکہ پتہ چلتا ہے کہ نظام نے کام کرنا شروع کردیا ہے اور اسی وجہ سے شہباز شریف اور ان کے حواریوں کے چہرے کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ احتساب کاعمل بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھے گا بلکہ پوری قوم کا شدید مطالبہ ہے کہ احتساب کے شکنجے کی گرفت مزید مضبوط ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے ۔حکومت نے سیوریج کے نظام کی بہتری کے لئے 13ارب روپے سے منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے بھی عملی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں