چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی جانب سے آگہی واک کا اہتمام

بچوں پر کسی بھی قسم کا تشدد ہرگز برداشت نہیںکیا جائیگا،سارہ احمد

جمعہ 19 جولائی 2019 17:33

لاہور۔19 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفئیر بیورو پنجاب کے زیر اہتمام "بچوں کے استحصال" سے متعلق آگہی کیلئے لالک جاں چوک لاہور میں ایک خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کی قیادت چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمدنے کی۔واک میں ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو فیض نعیم وڑائچ ، ایس پی انویسٹیگیشن شازیہ،ایس پی کینٹ، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے افسران، طلبہ اورچائلڈ پروٹیکشن بیورو کے رہائشی بچوں سمیت سول سوسائٹی، میڈیا کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

واک کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بچوں کے استحصال، ان پر ذہنی اور جسمانی تشدد کیخلاف نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفئیر بیورو کے افسران نے اس حوالے سے عوام کی آگاہی کیلئے پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن چائلڈپروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے عین مطابق پنجاب کو چائلڈ فرینڈلی بنانے کیلئے بیورو دن رات کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں پر ذہنی، جسمانی یا جنسی کسی بھی قسم کا تشدد ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی جانب سے پنجاب بھر میں آگہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ واک بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں