چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کا علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال اورجدید ٹیکنیکل کالج بنانے کا اعلان

جمعہ 19 جولائی 2019 22:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2019ء) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئر مین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال اور ایک جدید ٹیکنیکل کالج بنایا جائے گا۔ جمعہ کو سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل زونز میں ہسپتال اور تعملیمی اداروں جیسے سوشل انفراسٹرکچر ان زونز کو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے زیادہ پرکشش بنا دیںگے۔

انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مجوزہ ہسپتال میں ایمرجنسی اور دل کے امراض کے وارڈز کے ساتھ ساتھ برن یونٹ بھی قائم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل کالج علاقے کے طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیمی سہولتوں کی فراہم کے ساتھ ساتھ بیروزگاری کو کم کرنے میں بھی مدد دے گا۔

(جاری ہے)

یہ کالج علاقے میں ہنر مند افرادی قوت کی قلت کے مسئلہ پر قابو پانے میں بھی مدد دے گا۔

نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور قومی ترقی کے لئے ان کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی فراہمی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔اس سے نوجوانوں کو مالی طور پر خود مختار بنانے اور انہیں اپنے خاندانوں کی کفالت کے قابل بنانے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تیزی سے ترقی کے لئے سرکاری اور نجی شعبہ کی شراکت بھی بے حد اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل زون میں 25 فیصد ملازمتین مقامی لوگوں کو دی جائیںگی۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اس انڈسٹریل زون میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور بعض غیر ملکی کمپنیوں سے اس حوالہ سے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہو چکے ہیں۔علامہ اقبال انڈسٹریل زون اپنے محل وقوع کی وجہ سے ملک بھر کا سرکردہ انڈسٹریل زون ثابت ہوگا۔اس زون میں قائم ہونے والے ادارے اپنی مصنوعات کو نہایت آسانی کے ساتھ دنیا کے کسی بھی حصے میں بھیج سکیں گے۔اس انڈسٹریل زون میں قائم ہونے والے اداروں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وہ انڈسٹریل زون میں ہسپتال اور کالج کی تعمیر کے منصوبے کی مزید تفصیلات سے پیر کو آگاہ کریں گے جس کے لئے خصوصی تقربیب کا انعقاد کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں