صوبائی دارلحکومت لاہور میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے جھل تھل کر دیا، بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا‘ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کر دی

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:38

لاہور۔20 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) صوبائی دارلحکومت لاہور میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے جھل تھل کر دیا، بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کر دی،تفصیل کے مطابق ہفتہ کی صبح سے ہی شہر میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے تھے لیکن حبس بدستور جاری رہا اور شہر میں درجہ حرارت 36 ڈگری رہا تاہم حبس اورگرمی کے بعد ابر نے رنگ جما دیا اور لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں موسلا دھار اور کہیں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، بارش کے بعد لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے گرین ٹاؤن، ٹاؤن شپ، کوٹ لکھپت، کینال روڈ ،سول سیکرٹریٹ، فیروزپورروڈ، مال روڈ ، مزنگ،چونگی امرسدھو، قینچی، کلمہ چوک، لبرٹی، شاہ جمال کے علاقوں میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، دریں اثناء محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کر دی ہے،محکمہ کے ترجمان کے مطابق آج اتوار کے روزراولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد،ساہیوال میں چند مقامات پر تیز ہوائوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے،ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میںراولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان میں کہیں کہیںتیز ہوا ئوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں