پاکستان میں 2018میں 22ہزار افرادایڈز کا شکار ہوئے ‘ رپورٹ

گزشتہ سال 6ہزار400افراد ایڈز کی وجہ سے ہلاک ہوئے ،800بچے ، 1800خواتین اور 3800مرد شامل ہیں

منگل 23 جولائی 2019 20:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) اقوام متحدہ کے ایڈز کنٹرول پروگرام کی طرف سے پاکستان میں ایڈز کے مرض سے متعلق رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں انکشاف کیا گیاہے کہ سال 2018میں 22ہزار افراد اس مہلک بیماری کا شکار ہوئے۔ نجی ٹیو ی کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ ایڈز کے مرض میں مبتلا 14سال تک کی عمر کے بچوں کی تعداد 1400 ہوچکی ہے اور5ہزار900خواتین اس مہلک بیماری کا شکار ہوئیں ۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ مردوں میں بھی ایڈز کاتیزی سے پھیلائودیکھنے میں آیاہے اور سال 2018میں 15ہزار مرد ایڈزمیں مبتلا ہوئے ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال 6ہزار400افراد ایڈز کی وجہ سے ہلاک ہوئے جن میں 800بچے ، 1800خواتین اور 3800مرد شامل ہیں ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایڈز میں مبتلا مریضوں کی کل تعداد 1لاکھ 60ہزار ہو گئی ہے۔ایڈز کے مریضوں میں سے انجکشن کے ذریعے نشہ کرنے والے 21فیصد افراد اس بیماری کا شکار ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے رواں سال مئی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا تھا کہ پاکستان میں ایک لاکھ 63 ہزار افراد کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں