لاہور چیمبر میں یوم آزادی کشمیر سے یکجہتی کے طور پر منایا گیا

بدھ 14 اگست 2019 14:00

لاہور۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے یوم آزادی کشمیر سے یکجہتی کے طور پر مناتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تاجر برادری اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی مکمل حمایت اور ان کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی، اس موقع پر قومی پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور تاجر برادری کے نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، تلاوتِ کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی ، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل، سابق صدور اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے پاکستان کا پرچم بلند کیا جس کے بعد تقریب کے شرکاء نے ملک و قومی کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی، لاہور چیمبر کے عہدیداروںنے اپنے خصوصی پیغام میں ساری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی بہترین لیڈرشپ ، دیانتداری اور فہم و دانش کی بدولت ہمیں ایک خود مختار وطن حاصل ہوا، انہوں نے کہا کہ 14اگست صرف ایک تقریب نہیں بلکہ تاریخ کا ایک اہم باب ہے کیونکہ اس روز برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو اپنی جدوجہد کا صلہ ملا اور انہیں غیرملکی تسلط سے آزادی نصیب ہوئی، انہوں نے کہا کہ یوم آزادی مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان لاکھوں بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے جن کی بدولت آج ہم ایک آزادملک کے باسی ہیں، انہوں نے کہا کہ آزادی سے لے کر اب تک پاکستان نے کافی ترقی کی ہے مگر ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے جس کے لیے حکومت اور تاجروں سمیت تمام طبقات ہائے فکر کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا غاصبا نہ تسلط کسی طرح بھی قابل قبول نہیں ہے، تاجر برادری اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں