تاجر برادری بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی، میاں خرم الیاس

بدھ 14 اگست 2019 14:00

لاہور۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے کہا ہے کہ آزادی کشمیریوں کا حق ہے، بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے،انہوںنے کہا کہ بھارت کی طرف سے آرٹیکل 370کے تحت کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کی کوششوں پر تاجر برادری بھارتی یوم آزادی 15اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی اور اس سلسلہ میں منعقدہ ریلیوں میں تاجر برادری بھر پور شرکت کر ے گی اور کشمیر کے مسئلہ پر بھارتی جارحیت کی مذمت کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، میاں خرم الیاس نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کی جارحیت اور بربریت کا فوری نوٹس لے، پوری تاجر برادری پاک فو ج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو افواج پاکستان ایسا جواب دے گی کہ بھارت کی آنے والی نسلیں بھی یادر کھیں گی، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تحریک اپنی منزل تک پہنچ چکی ہے، بھارت کشمیریوں کی جانوں کا دشمن بن چکا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں