یو ایچ ایس کا فیصل مسعود کو خراج عقیدت،میڈیسن کے مضمون میں فیصل مسعود گولڈ میڈل کے اجراء کا اعلان

ہفتہ 17 اگست 2019 18:18

لاہور۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) نامور فزیشن پروفیسر فیصل مسعود کے انتقال پر ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہفتہ کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کا انعقاد پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن اور پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے اشتراک سے کیا گیا۔ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے پروفیسر فیصل مسعود کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

انھوں نے اس موقع پر فیصل مسعود گولڈ میڈل کے اجراء کا اعلان کیا جوہر سال ا نڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح پر میڈیسن کے مضمون میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار کو دیا جائے گا۔پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ فیصل مسعود نے یو ایچ ایس کو مشکل حالات میں سنبھالا، وہ ہمارے محسن تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے اپنے طلبہ کی صورت میں اثاثہ چھوڑ کر جارہے ہیں۔

سینئر نائب صدر پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن پروفیسر طارق وسیم نے کہا کہ سوسائٹی فیصل مسعود کے نام سے ایوارڈ کا آغاز کریگی جس کے تحت ہر سال ایک بہترین نوجوان ریسرچر کو ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ صدر پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز ڈاکٹر طارق میاں نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے پروفیسر فیصل مسعود نے گراں قدر خدمات انجام دیں۔اس موقع پر ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈاکٹر طاہر چودھری، ڈاکٹر سلمان کاظمی اور ڈاکٹر اسد ظہیر نے بھی فیصل مسعود کو ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔بعدازاں مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں