زیر حراست ملزم کی موت کی ابتدائی انکوائری رپورٹ سی سی پی او کو پیش

باضابطہ تحقیقات کے لئے ایس ایس پی فیصل مختار کو انکوائری افسر مقرر کردیاگیا شان عرف شانی تھانہ لوئر مال کی حوالات میں مردہ پایا گیا‘ جوڈیشل انکوائری کا بھی فیصلہ

ہفتہ 17 اگست 2019 18:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) تھانہ لوئر مال میں زیر حراست ملزم کی موت کی ابتدائی انکوائری رپورٹ سی سی پی او لاہور بی اے ناصر کو پیش کر دی گئی ہے۔ معاملے کی باضابطہ تحقیقات کے لئے ایس ایس پی (آئی اے بی) فیصل مختار کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی آپریشنز سید غضنفر علی شاہ کی طرف سے تیار کی گئی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم شان عرف شانی تھانہ لوئر مال کی حوالات میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب 12:05پر مردہ پایا گیا۔

ابتدائی رپورٹ میں ملزم کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں پایا گیا۔ البتہ مکمل حقائق پوسٹمارٹم رپورٹ میں سامنے آئیں گے۔ ملزم ریکارڈ یافتہ تھااور ڈکیتی، چوری، منشیات فروشی اور ناجائز اسلحے سمیت 35 مقدمات میں ملوث تھا۔

(جاری ہے)

چند روز قبل ایک مقدمے میں عدالت میں پیشی کے موقع پر اس نے اپنی جان خود لینے کی کوشش کی جس پر جوڈیشل پولیس نے 10اگست کو اس کے خلاف اقدام خودکشی کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

ملزم شان عرف شانی اسی کیس میں انویسٹی گیشن پولیس کی حراست میں تھا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر سی سی پی او لاہور نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سے رپورٹ طلب کی اور ایس پی سٹی آپریشنز کو انکوائری کی ہدایت کی۔ پی ایف ایس اے اور کرائم سین لیب یونٹ نے فرانزک شواہد جمع کر لئے ہیں۔ لاش پوسٹمارٹم کے لئے میو ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ تفصیلی انکوائری ایس ایس پی فیصل مختار کریں گے۔لاہور پولیس کی طرف سے جوڈیشل انکوائری کی بھی درخواست کی جا رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں