پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشان حیدر) کی 48ویں برسی کل منائی جائے گی

اتوار 18 اگست 2019 11:50

لاہور۔18 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2019ء) پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشان حیدر) کی 48ویں برسی کل 20اگست کو منائی جائے گی،1971ء کی پاک بھارت جنگ کے موقع پر 20اگست 1971ء کو ٹی تھری ٹرینر کی پرواز میں فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمن نے مذموم مقاصد کیلئے نوجوان پائلٹ آفیسر و قومی ہیرو راشد منہاس پر ضرب لگائی اور پاک فضائیہ کے طیارے کا رخ بھارت کی جانب موڑ لیا ۔

اسی اثناء میں راشد منہاس کو ہوش آگیا اور انہیں اندازہ ہو گیا کہ ان کا جہاز اغواء کر کے بھارت لے جایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے فوری طورپر پی اے ایف مسرور بیس پر رابطہ کیا اور طیارے کے اغواء کے متعلق آگاہ کیا۔ اس دوران راشد منہاس اور مطیع الرحمن کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی۔جس پر راشد منہاس نے مطیع الرحمن کو اس کے مذموم مقاصد میں ناکام بنانے کیلئے طیارے کا رخ فضا سے زمین کی جانب کر دیا اور بھارتی سرحد سے 40کلومیٹر کے فاصلے پر طیارہ زمین بوس کر دیا ۔ اس طرح مادر وطن کے وقار کو بچاتے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے قومی ہیرو راشد منہاس شہادت کے مرتبہ پرفائزو سرفراز ہو گئے۔ راشد منہاس شہید کو ان کی قربانی کے صلہ میں نشان حیدر سے نوازا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں