معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کیلئے کوآپریٹو سسٹم میں جدید اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں،چھوٹے کاشتکاروں میں رعایتی نرخوں پر سو کے قریب زرعی ٹریکٹرز تقسیم کر چکے ہیں، محمد اسلم بھروانہ

منگل 20 اگست 2019 23:17

لاہور۔20 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق معاشی ترقی کی رفتار مزید تیز کرنے کے لئے کوآپریٹو سسٹم میں جدید اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف نوعیت کے قرضہ جات کے مارک اپ میں کمی پر غور و خوض کیا جارہا ہے جبکہ چھوٹے کاشتکاروں میں رعایتی نرخوں پر اب تک ایک سو کے قریب زرعی ٹریکٹرز تقسیم کر چکے ہیں۔

یہ بات صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم بھروانہ نے اپنے دورہ کے دوران محکمہ امداد باہمی کے عمدہ کارکردگی کے حامل افسران میں توصیفی سرٹیفکیٹس تقسیم کرتے ہوئے کہی۔ ان افسران نے گزشتہ دو فصلوں ربیع و خریف کے لئے جاری کئے گئے زرعی قرضہ جات کی سو فیصد ریکوری کو یقینی بنایا ہے جوکہ تاریخی و مثالی کارکردگی اور پنجاب بھر میں سرفہرست کارنامہ ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو ملک محمد اشفاق شاہد‘ زونل ہیڈ پنجاب پرونیشل کوآپریٹو بینک مہر نور محمد خاں‘ پرنسپل کوآپریٹو کالج محمد صابر بھٹی‘ سرکل رجسٹرارز‘ اسسٹنٹ رجسٹرارز‘ برانچ مینجرز اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر کوآپریٹو نے قرضہ جات کی سو فیصد ریکوری میں بہترین نتائج دکھانے والے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہو ئے کہا کہ محکمہ کے محنتی و فرض شناس اور دیانتدار افسران کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی جن کی انتظامی صلاحیتوں کی بدولت محکمے کی کارکردگی کے معیار میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عمدہ محکمانہ سروسز کی فراہمی کے لئے متحرک اور فعال کردار ادا کریں تاکہ امداد باہمی سسٹم پر عوام کا اعتماد مضبوط رہے اور قومی ترقی میں اس نظام کی افادیت ابھر کر سامنے آئے۔ انہوں نے کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ اور کوآپریٹو بینک کے مابین بہترین روابط اور مربوط حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قرضہ جات کے اجراء اور سو فیصد ریکوری سے ہی معاشی ترقی کی راہیں کھلتی ہیں، اس ضمن میں محکمہ کے انتظامی ڈھانچے کے استحکام اور سروسز میں اضافہ کے لئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔

صوبائی وزیر کوآپریٹو نے واضح کیا کہ محکمہ کی تمام خرابیوں کو یکسر دور کیا جائے گا اور کسی قسم کی کرپشن کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ زراعت‘ ہاوسنگ اور دیگر سیکٹرز میں محفوظ اور فائدہ مند سرمایہ کاری کے لئے محکمانہ خدمات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے تاہم افسران محکمانہ اہداف کے حصول کے لئے جوش و جذبے سے فرائض انجام دیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ کے افسران کے مسائل حل کرنے میں بھر پور تعاون کیا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زونل ہیڈ پنجاب پرونیشل کوآپریٹو بینک مہر نور محمد خاں نے کہا کہ مختلف نوعیت کے قرضہ جات کے اجراء میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک اور محکمہ کے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ کے ذریعے موجودہ فصلوں کے لئے جاری کئے گئے قرضہ جات کی سو فیصد ریکوری ممکن ہوئی ہے جوکہ نظام امداد باہمی کی کامیابی کی دلیل ہے۔

ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو ملک محمد اشفاق شاہد نے صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم بھروانہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے افسران کی حوصلہ افزائی سے محکمانہ کارکردگی میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ فصل کے لئے 13 سو کے قریب کوآپریٹو سوسائٹیز کو 25 کروڑ روپے کے قرضہ جات جاری کرکے ان کی سو فیصد ریکوری شاندار کارکردگی کا ثبوت ہے اور آئندہ بھی بھر پور محنت سے اس معیار کو قائم رکھتے ہوئے محکمہ کا نام روشن کیا جائے گا۔

اس موقع پر محکمہ کوآپریٹو فیصل آباد ڈویژن کے جن افسران کو توصیفی سرٹیفکیٹس دئیے گئے ہیں ،ان میں ڈپٹی رجسٹرار ملک اشفاق شاہد‘ زونل ہیڈ کوآپریٹو بینک مہر نور محمد خاں‘ سرکل رجسٹرار محمداکرم جاوید‘ محمد اسلم‘ مہر غلام محمد جپہ‘ ڈسٹرکٹ آفیسر جھنگ نذر محمد خالد‘اسسٹنٹ رجسٹرارز محمد عرفان‘ شہزاد‘ مس ثناء مصباح‘ محمد نعیم‘ محمد احمد رجوکہ‘ سید شوکت شاہ‘ ظہیر احمد‘ ڈپٹی زونل ہیڈ ریکوری مہر محمد اقبال‘ ڈپٹی ڈویژنل ہیڈز‘ ایچ آر محمد انور خاں نیازی‘ برانچ مینجر محمد امجد تبسم‘ محمد اقبال‘ ثمر اقبال‘ عمران علی شامی‘ نوازش عباس‘ عمر متقی‘محمد اشرف‘ مہر محمد سلیم‘ محمد عظیم‘ خالد محمود‘ جاوید اقبال سیال اور سابق سرکل رجسٹرارز محمد نواز‘ عطیہ عتیق اور مہر عمردراز شامل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں