وزیراعظم عمران خان ملک کو معاشی،دفاعی اور اقتصادی طور پر مضبوط کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، ملک اسد کھو کھر

بدھ 21 اگست 2019 15:15

لاہور۔21 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایت سیل (پنجاب)ملک اسد کھو کھرنے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو معاشی، دفاعی اور اقتصادی طور پر مضبوط کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،خطے میں امن کے لیے جاری کوششوں کے تناظر میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع درست فیصلہ ہے، جس کے دوررس نتائج مرتب ہوں گے، انشا اللہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کامعاشی حب بنے گا، پنجاب میں سبز انقلاب کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن کے جلد ثمرات سامنے آئیں گے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کئی دہائیوں بعد عمران خان کی صورت میں ایماندار قیادت نصیب ہوئی ہے جس کی وجہ سے ساری دنیا پاکستان پر اعتماد کر رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے خارجہ محاذ پر بے پناہ کامیابیاں سمیٹی ہیں جس سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں3 سال توسیع کے حوالے سے کہا کہ موجودہ آرمی چیف ایک پروفیشنل سولجر ہیں اور ان کی ملک کے اندر اور خطے میں امن کیلئے کاوشیں قابل ستائش ہیں، خطے کے موجودہ حالات کے تناظر میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع درست فیصلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے زراعت کی ترقی اور کسانوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے اہم فیصلے کئے ہیں، ہمارا عزم ہے کہ ہم نے صوبے میں سبز انقلاب لانا ہے اور اس کیلئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں