ایمرجنگ ہائی پرفارمنس کیمپ کل سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگا

بدھ 21 اگست 2019 15:15

لاہور۔21 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) نیشنل کرکٹ اکیڈمی نے ملک بھر سے ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کے کھیل میں نکھار لانے کے لیے ایمرجنگ ہائی پرفارمنس کیمپ لگانے کا اعلان کر دیا ہے جو (کل) سے لاہور میں شروع ہوگا۔ این سی اے ہائی پرفارمنس کیمپ کا تیسرا اور آخری مرحلہ 2 ہفتے تک جاری رہے گا۔ کیمپ میں شرکت کے لیے 12 ایمرجنگ کرکٹرز آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کریں گے۔

2 ماہ جاری رہنے والے ہائی پرفارمنس کیمپ کے پہلے اور دوسرے فیز میں قومی انڈر 16 اور انڈر 19 کرکٹرز کو این سی اے میں تربیت دی جاچکی ہے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کیربئین پریمئیر لیگ سے معاہدے کے باعث کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر اکیڈمیز پی سی بی مدثر نذر نے کہا کہ اس پروگرام سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سٹاف کو نوجوانوں کے کھیل میں بہتری پر کام کرنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایمرجنگ ہائی پرفارمنس کیمپ کا مقصد قومی سکواڈ کے لیے کھلاڑیوں کا بیک اپ تیار کرنا ہے، جس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 12 نوجوان کرکٹرز کو 2 ہفتے پر مشتمل اس کیمپ میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کے اختتام پر تمام کرکٹرز کے کھیل میں مذید نکھار آنے کی امید ہے۔انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں میں احسن جمیل مرزا (کراچی)،عاکف جاوید (کوہاٹ)،ارشد اقبال (ایبٹ آباد)،ارشداللہ (فاٹا)،فیصل اکرم (ملتان)،حارث رؤف (راولپنڈی)،محمد عامر،حسین (سوات)،محمد اسد (ایبٹ آباد)،محمد جلال (فاٹا)،موسیٰ خان (اسلام آباد)،عمر خان (راولپنڈی)،زاہد محمود (لاڑکانہ) شامل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں