بادشاہی مسجد میں ’’شہادت سیدنا عثمان غنیؓ کانفرنس‘‘ کا انعقاد

حضرت سیدناعثمان غنی ؓ کی تعلیمات دنیا اِنسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں، آپ کی شہادت ہمیں اتحاد اور وحدت کا درس دیتی ہے‘ مولانا عبد الخبیر آزادودیگر کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 24 اگست 2019 00:03

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) امیر المؤ منین حضرت سیدنا عثمان غنی کی تعلیمات کو اپنا کر ہی پوری دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے ‘اشاعت اسلام کیلئے حضرت سیدنا عثمان غنی کی بے مثال جدو جہد و لازوال قربانیوں کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا اِن خیالات کا اِظہار مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام خطیب مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہ ’’شہادت سیدنا عثمان غنیؓ کانفرنس‘‘سے علماء ومذہبی سکالرز نے خطاب کرتے ہوئے کیا ‘مولانا سیدعبد الخبیر آزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ خلیفہ سوئم حضرت سیدنا عثمان غنیؓ کی مظلومانہ شہادت امن کاپیغام ہے‘ انہوں نے اقتدار اورفوج کے باوجود باغیوں کے خلاف کارر وائی نہ کرکے مدینہ منورہ کو کشت و خون سے بچا لیا آج ان کے افکار و کردار کو اپنانے کی ضرورت ہے ‘ہمیں چاہیے کہ ہم ان کی تعلیمات سے اِستفادہ کر کے اپنے کردار کی تعمیر کریں،مولاناآزاد نے مزید کہا کہ اسلامی تہوار خلفاء راشدین و اہل بیت اطہار اور امہات المومنین اور اولیاء کرام کی یاد میں پروگرام کے اِنعقاد سے عوام الناس میں اِسلامی شعور اُجاگر کرنے اور مختلف مسالک کے درمیان اِتحاد و ہم آہنگی پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں‘ اشاعت اِسلام کیلئے سیدنا عثمان غنی ؓکی گراں قدر خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ‘ان کی فقید المثال قربانی رہتی دنیا کیلئے مشعل راہ ہے‘جمعیت اہل حدیث کے راہنما مولانانعیم بادشاہ نے کہا کہ سیدنا عثمان غنیؓ کی مظلومانہ شہادت ہمیں صبرو تحمل اتحاد اور وحدت کا درس دیتی ہے‘ آج بھی اسوہ عثمان غنی ؓپر عمل کر کے دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے‘ صحابہ کرام اور اہل بیت کی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور مسلمان ان کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر کامیاب و کامران ہو سکتے ہیں‘ حضرت سیدناعثمان غنی ؓکی تعلیمات پوری دنیاء انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں ‘انہوں نے اِشاعت اِسلام کیلئے جو بے مثال جدو جہد و لازوال قربانی پیش کی اسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا،شیخ الحدیث مولانا مفتی مبشر احمد ، پیر عثمان نوری ‘مولانا شکیل الرحمن ناصر‘مولانا عبد الستار نیازی ‘مولانا مخدوم عاصم‘خواجہ جاوید اسلم صحاف بلال احمد میر،مولانا عباس غازی ‘علامہ اصغر عارف چشتی ‘ صاحبزادہ سیدعبد البصیر آزاد ،قاری خالد محمود نے اتحادو اتفاق پر زور دیتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے حضرت سیدنا عثمان غنی کے افکار و کردارد نیا کیلئے مشعل راہ ہیںآج پاکستان جن حالات سے گذر رہا ہے اس میں ہمیں چاہیے کہ ہم مذہبی رواداری کا ثبوت دیں اور ملک پاکستان کی بقاء کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں ‘ اللہ تعالیٰ ہمارے اس پیارے وطن کو امن کا گہوارہ بنائے اور اس کی حفاظت فرمائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں