اپوزیشن کو اپنی سیاسی بقاء کی فکر،قومی احتساب بیوروٹیکس معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا ، رہنماء تحریک انصاف ہمایوں اختر خان

ہفتہ 24 اگست 2019 14:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماء ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی حقیقی اور پائیدار ترقی کیلئے اصلاحات کے ذریعے بلیک ہولز کو بند کرنے کیلئے کوشاں ہے ،اپوزیشن جو مرضی کر لے احتساب کے عمل کو کسی صورت پس پشت ڈالا جائے گا اور نہ ہی احتساب کے اداروں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی ،قومی احتساب بیوروٹیکس کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا اوراسے متعلقہ ادارے ہی دیکھیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صنعتکاروں ، تاجروں اور پارٹی رہنمائوں کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ ادوار میں معیشت کو چلانے کیلئے کاسمیٹکس پالیسیوںکا نفاذ کیا گیا جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، حکومت نے معیشت کی حقیقی اور پائیدار ترقی کیلئے اصلاحات کی کڑوی گولی نگلی ہے اور گزرتے وقت کے ساتھ اس مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ سابقہ حکمرانوںکے اپنی فیکٹریاں اور کاروبار تو دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے جبکہ قومی ادارے سالانہ اربوں روپے خسارہ کرتے رہے، موجودہ حکومت بہترین قومی مفاد میں نجکاری کے عمل میں بھی اصلاحات کررہی ہے تاکہ ان اداروںکو اپنے پائوں پر کھڑا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ٹیکسیشن کے نظام کو سہل بنانے کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور جو لوگ ٹیکس دینے کی استطاعت رکھتے ہیں انہیں مزاحمت کی بجائے رضاکارانہ طور پرٹیکس نیٹ میں شامل ہونا چاہیے کیونکہ یہ اجتماعی قومی مفاد ہے ۔

ہمایوں اختر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ،پیپلز پارٹی اور ان کی اتحادی جماعتیں بے نقاب ہو چکی ہیں اورانہیں موجودہ حالات میں اپنی سیاسی بقاء کی فکر لا حق ہے،اپوزیشن آئے اورحکومت کی ایک سال کی کارکردگی پر بات کرے ہم دلائل کے ساتھ جواب دیں گے ، اب اپوزیشن جھوٹے پراپیگنڈے سے عوام کو بیوقوف نہیں بناسکتی ۔انھوں نے کہا کہ اگر ہم نے اس ملک کو آگے لے کرجانا ہے تو بے لاگ احتساب نا گزیر ہے ،ملک جس نہج پر پہنچ گیا ہے اس میں کرپشن اور پاکستان کسی صورت اکٹھے نہیں چل سکتے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں