رائے ونڈ میں جرائم کی شرح خوفناک حد تک بڑھ گئی

چوری ،ڈکیتی ،راہزنی سمیت دیگر وارداتوں سے شہر کا امن دائو پر لگ گیا

جمعہ 13 ستمبر 2019 22:12

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2019ء) رائے ونڈ ماڈل پولیس اسٹیشن میں بار بار تعینات ہونیوالے مقامی پولیس اہلکاروں کی وجہ سے جرائم کی شرح خوفناک حد تک بڑھ گئی۔روزانہ چوری ،ڈکیتی ،راہزنی سمیت دیگر وارداتوں سے شہر کا امن دائو پر لگ گیا ،حکام نے خاموشی اختیار کرلی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی رائے ونڈ میں باربار تعینات ہونیوالے پولیس اہلکاروں کیوجہ سے جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں معلوم ہوا ہے کہ درجن بھر سے زائد رائے ونڈکے رہائشی پولیس اہلکار عرصہ دراز سے یہاں تعینات ہیں کچھ بار بار تعیناتی کیوجہ سے نکھٹو اور ہڈ حرام ہو چکے ہیں مقامی اہلکاروں کی شناسائی اور پرانے واسطوں کیوجہ سے پولیس کی کارکردگی صفر ہو کر رہ گئی ہے ذرائع کے مطابق جرائم پیشہ افراد کیساتھ مقامی پولیس اہلکاروں کے ’’تعلق‘‘کے چرچے عام ہیں جو ریڈ ہونے سے قبل اپنے محسنین کو آگاہ کرکے محکمے کیساتھ نمک حرامی کے مرتکب ہو رہے ہیں ماڈل پولیس اسٹیشن میں ایسے اہلکار بھی تعینات ہیں جویہاں کانسٹیبل بھرتی ہونے کے بعد اے ایس آئی اور سب انسپکٹروں کے عہدوں پر فائز ہیں مقامی حلقوں نے رائے ونڈ ماڈل پولیس اسٹیشن میں بار بار تعینات اور مقامی پولیس اہلکاروں کے فوری تبادلے اور یہاں تعیناتی پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مٹھی بھر اہلکاروں کی وجہ سے جہاںپولیس کی کارکردگی صفرہو کر رہ گئی ہے وہاں جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ،مذکورہ اہلکاروں کی تبدیلی کے بعد شہر کا امن بحال ہونے کا قوی امکان ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں