ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی نظر میں صرف ان کی خوشحالی ہی اصل ترقی ہے ، کرپشن بند ہونے کی و جہ سے انہیںہر طرف بد حالی نظر آرہی ہے ،ہمایوں اختر خان

اتوار 15 ستمبر 2019 16:35

لاہور۔15 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی نظر میں صرف ان کی خوشحالی ہی اصل ترقی ہے ، کرپشن بند ہونے کی و جہ سے انہیںہر طرف بحران اور بد حالی نظر آرہی ہے ،چار دہائیوں میں سیاست کے نام پر مافیاز نے اپنی جڑیں اتنی گہری اور مضبوط کرلی ہیںکہ انہیں اکھاڑ پھینکنے کیلئے تھوڑا وقت درکار ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو درست سمت میں گامزن کرنے کیلئے اصلاحات کی کڑوی گولی نگلی ہے اور سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر غیر معمولی فیصلے کئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ماضی کے حکمرانوں کی طرح فوٹو سیشن کی بجائے عملی کام پر یقین رکھتے ہیں ، یہاں تو ایسا بھی ہوا ہے کہ رات کو خواب آیا کہ اوور ہیڈ برج کھڑا کردو اور صبح تمام قواعد و ضوابط کوبالائے طاق رکھتے ہوئے اس کی تعمیر شروع ہوجاتی تھی لیکن عوام پینے کے صاف پانی ، تعلیم اورصحت کی سہولتوںسے محروم رہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کبھی بھی متحد نہیں ہو سکتی کیونکہ ان کے اپنے اپنے مفادات ہیں اورموقع کی مناسبت سے بیانیے میں تبدیلی لائی جاتی ہے ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ملک آج جن حالات سے دوچار ہے عوام اس کے اصل محرکات سے آگاہ ہیںاس لئے وہ حکومت کی بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں ، موجودہ مشکلات عارضی ہیں اور انشا اللہ مرحلہ وار بہتری آئے گی جو قلیل المدت نہیں بلکہ مستقل اورطویل المدت ہو گی ۔

انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، اس کا ثبوت یہ ہے کہ میثاق معیشت کاڈھنڈورا پیٹنے والے آج کہیں اس کا ذکر کرتے ہوئے دکھائی نہیں دیتے بلکہ اپنے لئے درمیانی راستے کی تلاش میں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ ہر ایشو پر بیٹھ کر بات کرنے کیلئے تیار ہے لیکن پیشگی آگاہ کرنا چاہتے ہیںکہ احتساب کے معاملے پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور کرپشن کیسز کا فیصلہ احتساب کرنے والے اداروں اور عدالتوں نے کرنا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں