سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر حملہ ،مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر اسلامی سربراہی کانفرنس کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے ، مسلمانوں کی وحدت کے مرکز ارض حرمین شریفین کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خاتمے کا وقت آ گیا، پاکستان اور سعودی عرب مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر واضح موقف رکھتے ہیں، حوثی باغی اور ان کے سرپرست دنیا کا امن خطرے میں ڈال رہے ہیں ، طاہر محمود اشرفی

اتوار 15 ستمبر 2019 17:30

لاہور۔15 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر حملہ اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی صورتحال پر فوری طور پر اسلامی سربراہی کانفرنس کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔ عالم کفر اور اس کے آلہ کار مسلمانوں کے خلاف منظم سازش کے تحت حملہ آور ہیں، مسلمانوں کی وحدت کے مرکز ارض حرمین شریفین مملکت سعودی عرب کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر واضح موقف رکھتے ہیں، حوثی باغی اور ان کے سرپرست دنیا کا امن خطرے میں ڈال رہے ہیں ، مسلمان ارض حرمین شریفین پر ہونے والے حملوں پر خاموش نہیں رہ سکتے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تنظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامعہ مسجد معاذ بن جبل میں مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر مولانا عبد الکریم ندیم، مفتی محمد ضیاء مدنی ،علامہ طاہر الحسن ، مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا اسعد زکریا، مولانا ابو بکر صابری ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا مفتی حفیظ الرحمن ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا نائب خان، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، علامہ انوار الحق مجاہد، مولانا سعد اللہ لدھیانوی ، مولانا اظہار الحق ، مولانا حق نواز خالد ، مولانا مفتی عمر فاروق ، مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی اور دیگر علماء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت اسلامی ممالک کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر حملے حوثی باغیوں کا کام ہے ، سعودی عرب اور پاکستان کسی بھی صورت فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ ارض حرمین شریفین پر مسلسل حملے کسی ایک گروہ کا کام نہیں ہے ، بلکہ یہ ان قوتوں کی سازش ہے جو مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کے مرکز کو نشانہ بنانے کیلئے کوشاں ہیںاور مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کو انتشار میں بدلنا چاہتی ہیں لیکن مسلمان کسی بھی صورت ارض حرمین شریفین کے خلاف جارحیت برداشت نہیں کر سکتے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب میں آئل تنصیبات پر حملوں اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کا فوری ہنگامی سربراہی اجلاس بلایا جائے اور حوثی باغیوں اور ان کے سر پرستوں کے خلاف واضح اور متفقہ موقف اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مکمل تعاون کایقین دلاتی ہے ، پاکستانی قوم ، حکومت ،علماء ، ارض حرمین شریفین کی سلامتی ، استحکام اور دفاع کیلئے ہر لمحہ سربکف ہے۔

ہمیں سعودی عرب کی فوج اور سلامتی کے اداروں کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے اور مسلمان اپنے مقدسات کے دفاع ، سلامتی اور استحکام کیلئے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے حکم کے منتظر ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں