ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی سعودی عرب کی آئل ریفائنری پر حملوں کی مذمت

سرزمین حرمین شریفین کی سلامتی ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے ،کسی بھی اسلامی ملک میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں

بدھ 18 ستمبر 2019 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2019ء) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے سعودی عرب کی آئل ریفائنری ارامکو پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ علمی توانائی کے مرکز اور ایمانی توانائی کی سرزمین پر حملہ ہے۔سرزمین حرمین شریفین کی سلامتی ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے۔

کسی بھی اسلامی ملک میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔حجاز مقدس تو امت مسلمہ کا دل ہے۔حوثی باغیوں کے پے در پے سعودی شہروں پراور آئل تنصیبات پر حملے بہت بڑی جنگ کا پیش خیمہ ہو سکتے ہیں۔یہ حملے عالمی امن اور عالمی معیشت کے خلاف ایک گہری سازش ہے۔امریکہ سعودی عرب اور ایران کی جنگ کرواکر گریٹر اسرائیل کا راستہ ہموار کرنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

ایران اور سعودی عرب اپنے مسائل میں ہرگز یہودو نصاری کو مداخلت کا موقع نہ دیں اور اپنے مسائل خود حل کریں۔امریکہ سعودی عرب کی حفاظت کے نام پر ایران کو جنگ کر کے اور سعودی عرب کو بغیر جنگ کے اپنے کنٹرول میں لانا چاہتا ہے اسے ان ممالک میں سے کسی کی خیریت مطلوب نہیں اس کے پیش نظر اس کے اپنے مفادات ہیں ۔مقبوضہ کشمیر کا 45دن کا لاک ڈاؤن ہو یا فلسطین پر اسرائیلی جارحیت یا سعودی عرب کی آئیل تنصیبات پر حملہ ہو سب امت مسلمہ کے مسائل ہے ان میں سے کسی مسئلہ کو وہاں کے مقامی مسلمانوں کا مسئلہ قرار دینا درست نہیں ہے ۔

او آئی سی کی طرف سے مسلمان ممالک کے باہمی مسائل پر عدم توجہ کی وجہ سے بہت نقصان ہو رہا ہے ۔امت مسلمہ کے مسائل کا حل اُمّہ کے پلیٹ فارم سے ہی ہوتو مسائل حل ہونگے ۔غیروں کے پلیٹ فارم سے مسائل کا حل ہونا تو کجا نئے مسائل جنم لے رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں