ئچیف سیکرٹری کی بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات کیلئے بہترین انتظامات کی ہدایت

کرتار پور راہداری منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ، حکومت مذہبی سیاحت کے فروغ پرتوجہ دے رہی ہی: یوسف نسیم

بدھ 18 ستمبر 2019 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2019ء) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھرنے ہدایت کی ہے کہ نومبر میں بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت یہاں سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں کرتار پور راہداری منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت مذہبی سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، کرتار پور راہداری کے ذریعے سکھ یاتریوں کو گردوارہ کرتارپور تک آسان رسائی مل سکے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات ، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن، ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں