حکومت پنجاب کی ٹیکس اورنان ٹیکس وصولیوں میں واضح اضافہ ہو رہا ہے،رواں مالی سال کے پہلے ماہ کی وصولیوں کے بعد پر اُمید ہیں کہ آئندہ تمام ٹیکس ٹارگٹ پورے کریں گے،ہاشم جواں بخت

بدھ 18 ستمبر 2019 23:12

لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ٹیکس اورنان ٹیکس وصولیوں میں واضح اضافہ ہو رہا ہے ،رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں ٹیکس اور نان ٹیکس کی مد میں 22.9 ارب روپے وصول کئے گئے جوکہ پچھلے سال کی نسبت تقریباً47فیصد زائد ہیں ۔ گزشتہ سال جولائی میں ٹیکس اور نان ٹیکس کی مد میں 15.5ارب روپے اکٹھے کئے گئے تھے جن میں سے ٹیکس کی مد میں اکٹھی ہونے والی رقم 13.12تھی جبکہ رواں سال یہ رقم 19.34ارب روپے ہے ۔

صوبائی وزیر نے پنجاب میں ٹیکس کے محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں پنجاب ریونیو اتھارٹی نے 11.3ارب روپے اکٹھے کر کے پچھلے سال کی نسبت 65فیصد زائد اضافہ دکھایا۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال اس مدت میں6.8ارب روپے اکٹھے کئے گئے تھے۔ حکومت پنجاب نے سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 10.99روپے اکٹھے کئے جبکہ بورڈ آف ریونیو کے تحت 5.38ارب روپے اکٹھے کئے گئے جو گزشتہ سال کی نسبت 37فیصد زائد ہیں جو طلب کردہ گروتھ ریٹ سے کہیں زیادہ ہے ۔

اسی طرح ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے 2.5 ارب روپے اکٹھے کر کے 15فیصد گروتھ دکھائی ۔ انرجی ڈیپارٹمنٹ نے 23فیصد اضافے کے ساتھ 10ارب روپے اکٹھے کئے ۔یہ تمام اعدادو شمارپنجاب میں وصولیوں کی شرح میں بہتری کے ساتھ ساتھ حکومت پر عوامی اعتماد کا بھی ثبوت ہیں۔مستقبل قریب میں محکمہ خزانہ کی جانب سے تمام واجبات کی ادائیگی کے لیے متعارف کروائی جانے والی موبائل اپلیکیشن وصولیوں کی شرح کو مزید بہتر بنائے گی ۔مالی سال کے پہلے ماہ میں ہونے والی وصولیوں کے بعدپر امید ہیں کہ آئندہ اپنے تمام اہداف حاصل کریں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں