اس وقت ملک کو انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے،حکومت وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے پہلے اے پی سی بلائے،صاحبزادہ حامد رضا

بدھ 18 ستمبر 2019 23:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2019ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔ حکومت وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے پہلے اے پی سی بلائے۔ قومی یکجہتی کے بغیر کشمیریوں کا مقدمہ نہیں لڑا جا سکتا۔ فیصلے سڑکوں پر نہیں پارلیمنٹ میں ہونے چاہئیں۔ لگتا ہے عمران خان نے پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے پر بھی یوٹرن لے لیا ہے۔

اس وقت سیاسی جنگ چھوڑ کر کشمیریوں کا ساتھ دینے کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ عالمی برادری بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد کرے۔ بھارتی ہٹلر دنیا کو بڑی تباہی سے دوچار کر سکتا ہے۔ افغان حکومت پاک افغان سرحد پر سیکورٹی نظام موثر بنائے۔ افغان حکومت بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ، بھارت اور افغانستان کا گٹھ جوڑ خطے کے امن میں بڑی رکاوٹ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے انجمن طلباء اسلام کے نو منتخب سیکریٹری جنرل محمد اکرم رضوی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ غفلت میں بدل چکی ہے۔ ایٹمی جنگ کی صورت میں عرب ممالک کی بھارت میں سرمایہ کاری بچے گی نہ عالمی قوتوں کے جنوبی ایشیا میں مفادات سلامت رہیں گے۔

بھارت نے مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈیڑھ ماہ سے جاری کرفیو ختم نہ ہوا تو کوئی المیہ رونما ہو سکتا ہے۔ لاکھوں کشمیری ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء سے محروم ہو چکے ہیں۔ مسلم حکمران مصلحتیں چھوڑ کر کھل کر مظلوم و محکوم کشمیریوں کا ساتھ دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں