کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کیلئے امریکہ ، چین آسٹریلیا، ترکی سمیت مختلف ممالک نے رجسٹریشن کر ادی

نمائش نہ صرف کارپٹ انڈسٹری بلکہ پاکستان کی برآمدات کیلئے بھی تقویت کا باعث بنے گی : کارپٹ ایسوسی ایشن

جمعہ 20 ستمبر 2019 19:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2019ء) پاکستان میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والی کارپٹ کی 37ویںعالمی نمائش میں شرکت کیلئے امریکہ ، چین آسٹریلیا، ترکی اور یورپ سمیت مختلف ممالک نے رجسٹریشن کرا دی ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی نے شرکت کے خواہشمند غیرملکی خریداروںکے ناموں کی منظوری دی گئی جبکہ اس سلسلہ میں مزید ایک اوراجلاس آئندہ چند روز میں منعقد ہوگا ۔

اجلاس میں ٹڈیپ کے افسران رائو راحیل اور عرفان احمدنے شرکت کی ۔ اس موقع پرنمائش کے چیف آرگنائزر اعجاز الرحمان، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ،سینئر مرکزی رہنماعبد اللطیف ملک ، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان ، محمد اکبر ملک، میجر(ر) اختر نذیر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں غیر ملکی خریداروںکی جانب سے پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کے حوالے سے رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ امریکہ ، چین ، آسٹریلیا، ترکی اور یورپ سمیت مختلف ممالک کی150سے زائد خریداروں نے رجسٹریشن کرا دی ہے جبکہ مزید بھی نمائش میں شرکت کے خواہشمند ہیں ۔ اجلاس میں نمائش میں شرکت کے خواہشمندغیر ملکی خریداروں کے ناموں کی حتمی منظوری دی گئی جبکہ اس سلسلہ مزید ایک اوراجلاس منعقد ہوگا جس میں مزید ناموںکی منظوری دی جائے گی ۔

کارپٹ ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے ٹڈیپ کے تعاو ن پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ نمائش کی کامیابی در حقیقت پاکستان کی کامیابی ہے اور ایسے حالات میں جب بھارت نے پاکستان سے ٹکرائو کرنے کیلئے نمائش کا اعلان کیا ہے ایسے میں حکومت اور ایسوسی ایشن کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے ۔ ٹڈیپ کے افسران نے یقین دہانی کرائی کہ کارپٹ مصنوعات کی عالمی نمائش کی کامیابی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور مذکورہ نمائش نہ صرف کارپٹ انڈسٹری بلکہ پاکستان کی برآمدات کیلئے بھی تقویت کا باعث بنے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں