کمشنر لاہور آصف بلال نے شہر بھر میں بڑھتی ہوئی غیر قانونی تعمیرات پر نوٹس لے لیا

غیر قانونی تعمیرات میں سرفہرست لاہور کے 4 زونز کے زونل افسران پلاننگ کو شوکاز نوٹس جاری ہ* 7 یوم کے اندر ٹھوس وجوہات فراہم نہ کرنے پر متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2019ء) کمشنر لاہور ڈویژن و ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور آصف بلال نے شہر بھر میں بڑھتی ہوئی غیر قانونی تعمیرات پر نوٹس لے لیا ہے، اس ضمن میں چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن علی عباس بخاری نے کمشنر کے حکم پر غیر قانونی تعمیرات میں سرفہرست صوبائی دارالحکومت کے 4 زونز کے زونل افسران پلاننگ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں، گلبرگ زون، عزیز بھٹی زون، شالا مار زون اور واہگہ زون کے پلاننگ افسران کو غیر تسلی بخش کارکردگی پر شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں، 7 یوم کے اندر ٹھوس وجوہات فراہم نہ کرنے پر متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، تاہم داتا گنج بخش زون علامہ اقبال زون، سمن آباد زون، نشتر زون اور راوی زون کے پلاننگ افسران کو وارننگ دی گئی ہے، نشتر زون کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں جن میں شادی ہال، پٹرول پمپ اور مارکیٹیں خلاف قانون تعمیر کی جا رہی ہیں، غیر قانون تعمیرات کی مد میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو ماہانہ بنیادوں پر لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے، مگر حیران کن طور پر غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کے باوجود نشتر زون کے ذمہ دار افسران کو شوکاز نوٹس جاری نہیں کیا گیا، ذرائع نے بتایا ہے کہ کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں نشتر زون کی حدود میں زیر تعمیر غیر قانونی عمارتوں کی رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں