لاہور پارکنگ کمپنی کی کارکردگی صفر، ماہانہ 30 لاکھ تک نقصان

ہفتہ 21 ستمبر 2019 19:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) ہور پارکنگ کمپنی کی ناقص کارکردگی، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے وزیراعلی عثمان بزدار کو کارکردگی رپورٹ پیش کر دی گئی، کوئی اہداف مقرر نہیں، ماہانہ 30 لاکھ تک نقصان ہونے لگا۔لاہور میں پارکنگ سسٹم نا کام، حکومت ایک سال میں کوئی اقدامات نہ کر سکی۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیا اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لاہور پارکنگ کمپنی کے پاس کوئی اہداف ہی مقرر نہیں، کمپنی کو بغیر کسی منصوبہ بندی کے چلایا جا رہا ہے۔سفارش کی گئی ہے کہ ایم ڈی لاہور پارکنگ کمپنی قلب عباس سمیت ریٹائرڈ افسران کو فوری ہٹایا جائے، کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز 2 سال سے تعینات ہی نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق لاہور پارکنگ کمپنی کی ناقص حکمت عملی کے باعث ماہانہ 30 لاکھ تک نقصان ہو رہا ہے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ایک ہفتے میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کا حکم دیدیا جس کے بعد اعلی افسران کو فارغ کیا جائے گا اور کمپنی کو مزید چلانے سے متعلق حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ گزشتہ حکومت میں بھی لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس سامنے آچکا ہے لیکن ایک سال بعد حکومت کو ہوش آہی گیا اوراب دعوی یہ کیا جا رہا ہے کہ لاہور میں پارکنگ کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں