ڈی آئی جی آپریشنز کی زیر صدارت سری لنکن کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کیلئے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس

ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:32

ڈی آئی جی آپریشنز کی زیر صدارت سری لنکن کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کیلئے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس
لاہور۔21 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد کے حوالے سے سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے جا رہے ہیں۔پاک سری لنکا ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی میچز کے دوران ٹیموں اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔قبل ازیں لاہور میں منعقد ہونے والے تمام کرکٹ ایونٹس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جاتی رہی ہے۔

اس بار بھی ٹی ٹونٹی کرکٹ میچز میںسابقہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کروایا جائے گا ۔کرکٹ میچ دیکھنے کیلئے آنے والے شائقین کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔شائقین کرکٹ کے کھیل سے بھرپور لطف اندوز ہونے کیلئے لاہور پولیس کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں اور ممنوعہ اشیاء ہرگز اپنے ساتھ سٹیڈیم میں نہ لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچز کی مانیٹرنگ کیلئے سیف سٹیزاتھارٹی کے کیمروں سے بھر پور استفادہ کیا جائے گا۔ میچز کے دوران ٹیموں اور سٹیڈیم کے اطراف کی نقل و حرکت سینکڑوں سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر کی جائیگی۔اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنے دفتر میںاہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ایس ایس پی آپریشنزلاہور اسماعیل الرحمان کھاڑک، ایس پی کینٹ ڈویژن صفدر رضا کاظمی،ایس پی سول لائنز دوست محمد ، ایس پی ماڈل ٹائون ڈویژن عمران احمد ملک سمیت ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوزنے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے لاہور پولیس نے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سکیورٹی انتظامات کے حوالہ سے تمام متعلقہ اداروں سے مکمل رابطہ میں رہیں۔اشفاق خان نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ٹیموں کی قیام گاہ اورسٹیڈیم کے گردو نواح میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کئے جائیں تا کہ شر پسند عناصر کے ناپاک عزائم کا قبل از وقت سدباب کیا جا سکے۔

اشفاق خان نے کہا کہ میچز کے دوران سکیورٹی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس کے دوران میچز ، کھلاڑیوں اور شائقین کی سیکورٹی فول پروف بنانے کیلئے پہلے سے بھی زیادہ بہترحکمت عملی بنانے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں افسران کی جانب سے میچز کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویزبھی پیش کی گئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں