غیر ملکی خریداروں کابھارت کی بجائے پاکستانی نمائش میں شرکت کو ترجیح دیناحوصلہ افزاء ہے ‘کارپٹ ایسوسی ایشن

ٹڈاپ کی جانب سے نمائش کی کامیابی کیلئے بھرپور تعاون کرنے پر مشکور ہیں،اعجاز الرحمان

اتوار 22 ستمبر 2019 13:30

لاہور۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2019ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ غیر ملکی خریداروں کی جانب سے بھارت کی بجائے پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی 37ویں عالمی نمائش میں شرکت کو ترجیح دیناحوصلہ افزاء ہے اور اس سے کارپٹ انڈسٹری کوتقویت ملے گی ، عالمی نمائش کا انعقاد پاکستانی مصنوعات کی مارکیٹنگ او ر برآمدات میں اضافے کا موثر ذریعہ ہے اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے نمائش کی کامیابی کیلئے بھرپور تعاون کرنے پر مشکور ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار نمائش کے چیف آرگنائزر اعجاز الرحمان، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹی کے چیئر پرسن پرویز حنیف، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد اور سعید خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کی برآمدات کو متاثر کرنے کیلئے ہر طرح کے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اور پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش کو سبوتاژ کرنے کیلئے جان بوجھ کر ایسی تاریخون کا اعلان کیا گیا جس سے ٹکرائو پیدا ہو ۔

تاہم یہ بات اطمینان بخش اور حوصلہ افزاء ہے کہ غیر ملکی خریداروں نے بھارت کے تمام تر حربوں کے باوجود پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی نمائش میں شرکت کی ترجیح دی ہے ۔ کارپٹ ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے کہا کہ امسال نمائش میں شرکت کرنے والوں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہو گی جس سے کارپٹ انڈسٹری کو تقویت ملے گی ۔ ٹڈیپ کی جانب سے نمائش کی کامیابی کیلئے ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جارہا ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کا تعاون جاری رکھا جائے گاکہ ہماری مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ ہو سکے جس سے برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں