پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع

پیر 23 ستمبر 2019 23:17

لاہور۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کرتے ہوئے ملزمان کو دوبارہ 28 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پرفریقین کے وکلاء کو 28 ستمبر کو مزید بحث کیلئے طلب کر لیا۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز سماعت کے موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنماخواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سیکیورٹی حصار میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت نیب کے سینئر سپیشل پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ اعوان، عاصم ممتاز اور علی ٹیپو عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔خواجہ سعد رفیق کی جانب سے اشتر اوصاف علی ایڈووکیٹ اور خواجہ سلمان رفیق کی جانب سے امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ دیگرملزمان عمر ضیا، ندیم ضیاء اور فرحان علی کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے جبکہ پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔ نیب نے خواجہ برادران سمیت 5 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں