حکومت عوامی مسائل کے حل اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لئے دن رات کوشاں ہے‘اعجازچوہدری

ماضی کی حکومتوں نے ملک کو نیچے دھکیلا ،ہماری حکومت نے دوست ملکوں کے تعاون سے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے

پیر 14 اکتوبر 2019 17:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئرمرکزی رہنما اعجازاحمدچوہدری نے کماہاں میں پی ٹی آئی آزادی مارچ کے شہدا ساجد حسین اورساجد علی کے ایصال ثواب کی سالانہ دعائیہ تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ اعجازاحمدچوہدری نے دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی شہدا کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، پی ٹی آئی اپنے کارکنان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلندکرے اور ان کے خاندانوں کو صبرجمیل عطا فرمائے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے کارکنان پارٹی کے ماتھے کا جھومر ہیں، کارکنوں نے پارٹی کو اقتدار میں لانے کے لئے اپنے قائد مجاہد وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں 22 سال تک انتھک جدوجہد کی ہے جس کی بدولت آج پی ٹی آئی برسراقتدار آئی ہے،پی ٹی آئی اپنے شہدا کو کبھی نہیں بھولے گی۔

(جاری ہے)

کارکن عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں،حکومت عوامی مسائل کے حل اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لئے دن رات کوشاں ہے،ماضی کی حکومتوں نے ملک کو قرضوں کے نیچے دھکیلا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے دوست ملکوں کے تعاون سے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے، اس موقع پر علی رضا ہاشمی، نصیب تبسم، عطیہ ستارہ، صباح بٹ، عابد نمبردار اور صلاح الدین نمبردار سمیت شہدا کے قریب عزیز واقارب نے شرکت کی، شرکا نے شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں