ظ*صوبائی وزیر قانون کی پاکستان کسان اتحاد کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کسانوں کے مسائل کو خندہ پیشانی سے سنا اور ان کے ممکنہ حل کے لئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے، راجہ بشارت

پیر 14 اکتوبر 2019 21:55

' لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے پاکستان کسان اتحاد کے عہدیداروں کے ہمراہ 90شاہراہء قائد اعظم پر اہم پریس کانفرنس کی ۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسان اتحاد کے مرکزی عہدیداروں اور نمائندوں کی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کسانوں کے مسائل کو خندہ پیشانی سے سنا اور ان کے ممکنہ حل کے لئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر قانون نے کہاکہ موجودہ حکومت دیانتداری کے ساتھ کسان بھائیوں کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔کسان اتحاد کی طرف سے احتجاج کی کال پر پنجاب حکومت کا موقف تھا کہ گفت و شنید سے بڑے سے بڑے مسائل کا حل ممکن ہے تو احتجاج کا رستہ کیوں اختیار کیا جائے ۔

(جاری ہے)

بنیادی طور پر کسان اتحاد کے مسائل صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتوں سے متعلق ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال اور وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کی سرپرستی میں ٹیم تشکیل دی ہے جو وفاقی حکومت کے سامنے مسائل رکھے گی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب وزیر اعظم عمران خان سے تعاون کے لئے خود بھی بات کریں گے۔

پنجاب حکومت گندم کی کاشت سے قبل سپورٹ پرائس کے تعین کے مطالبے کو جائز قرار دیتی ہے۔ جعلی ذرعی ادویات کے مکروہ کاروبار میں ملوث مافیا کی سرکوبی کی جائے گی۔ماضی کی حکومتو ں سے بھی کچھ مسائل چلتے آ رہے ہیں جیسے کہ کسانوں کے خلاف غلط مقدمات کا اندراج جن کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ کسانوں کا مارکیٹ کمیٹیوں کے قیام کا مطالبہ بر حق ہے۔

کسان اتحاد سے مشاورت کے بعد مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے اور حتمی سفارشات وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے ۔ کسانوں کی فلاح و بہبود حکومتی کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے۔ کسان اتحاد کے عہدیداران نے وزیر اعلی پنجاب اور صوبائی وزراء کا مثبت جواب دینے پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مطالبات کو جائز اور حلال قرار دینا پنجاب حکومت کا انتہائی احسن اقدام ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہمارے مسائل کے حل کے لیے وفاق سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے کہنے پر احتجاج اور دھرنا موخر کر دیا ہے لیکن پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں 28اکتوبر کو لاہور میں دوبارہ احتجاج کے لیے نکلیں گے اور اسلام آباد کی طرف مارچ بھی کریں گے۔ ہم صرف دال روٹی کے مسائل اٹھانے کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں۔ صوبائی وزیر ذراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال اور وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں