چنیوٹ مائنز اینڈ منرلز سکینڈل کیس ‘ سابق وفاقی سیکرٹری سمیت 2 ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

پیر 14 اکتوبر 2019 22:50

لاہور۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے چنیوٹ مائنز اینڈ منرلز سکینڈل کیس میں سابق وفاقی سیکرٹری سلمان غنی اور لیگل ایڈوائزر محمد رمضان کے متعلق نیب کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی۔

نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ کی جانب سے ملزمان کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزمان پر اربوں روپے مالیت چنیوٹ آئرن اور کان کنی کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کو نوازنے کا الزام عائد ہے‘ ملزمان کی دیگر شریک ملزمان کی ملی بھگت سے ٹھیکہ ای آر پی ایل کو مروجہ قوانین سے انحراف کرتے ہوئے فراہم کیا گیا ‘ای آر پی ایل نامی کمپنی ماضی میں کان کنی کے تجربہ کی حامل نہ تھی پھر بھی ملزم نے ملی بھگت سے اسے کنٹریکٹ فراہم کیا ‘ملزمان کیجانب سے ایس ای سی پی منصوبہ کی تفصیلات کبھی فراہم نہ کی گئیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ملزمان نے نیب کی تحویل میں 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کاٹا۔ عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور ملزمان کو 28 اکتوبر کو دوبارہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد پیش کرنے کا حکم دے دیا۔اس کیس میں تحریک انصاف کے ایم پی اے و سابق صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان سمیت دیگر چار ملزمان شامل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں