لله*لاہور، پنجاب حکومت کسانوں کے تمام دیرینہ مطالبات پورے کرے گی تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں، راجہ بشارت

پیر 14 اکتوبر 2019 23:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2019ء) پنجاب حکومت کسانوں کے تمام دیرینہ مطالبات پورے کرے گی تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں اور زراعت ترقی کرے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے یہاں صوبائی وزیر زراعت نعمان لنگڑیال اور صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ خان کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

پریس کانفرنس میں پاکستان کسان اتحاد کے سربراہ چوہدری محمد انوراور دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔راجہ بشارت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی یقین دہانی پر کسان اتحاد نے کل کامجوزہ احتجاج موخر کر دیا ہے جس پر حکومت ان کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے کچھ مطالبات صوبائی اور کچھ وفاقی حکومت سے متعلق ہیں تاہم صوبائی وزیر زراعت اور خوراک کے ساتھ مذاکرات میں کافی امور پرًاتفاق رائے ہو گیا ہے اور حکومت کسانوں کے جائز مطالبات کے حل میں مخلص ہے۔

(جاری ہے)

راجہ بشارت نے کہا کہ کسانوں کے بڑے مطالبات بجلی اور کھاد کی قیمتوں میں کمی اور سب سڈی سے متعلق ہیں جن کے حل کے لیے وفاقی حکومت سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسان راہنماؤں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے گا اور امید ہے کہ احتجاج کی نوبت نہیں آئے گی۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت اور صوبائی وزیر خوراک نے بھی خطاب کیا اور اپنے محکموں کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔کسان اتحاد کے سربراہ نے مثبت ردعمل پروزیر اعلیٰ اور صوبائی وزرا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت نے ہمارے زیادہ تر مطالبات سے اتفاق کیا ہے تاہم جو مطالبات حکومت جائز نہیں سمجھے گی ہم واپس لینے پر غور کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں