سرکاری ہسپتالوں میں سینئر ڈاکٹرز ‘ نرسز‘ پیرا میڈیکل سٹاف نے ہڑتال کی کال کو یکسر مسترد کر دیا ، اوپی ڈیز میں ایم ایس‘سینئر پروفیسرز اپنی ڈیوٹیز سرانجام دیتے رہے

وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی‘ پرنسپل سروسز انسٹیٹیوٹ ‘ایم ایس جناح ہسپتال کی فیکلٹی ممبران سے ملاقات‘سینئرز ڈاکٹرز نے ایم ٹی آئی ایکٹ پر حکومت کا ساتھ دینے کی مکمل یقین دہانی کرا دی

پیر 14 اکتوبر 2019 23:30

لاہور۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) لاہور کے تمام بڑے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے چند عناصر کی جانب سے ہڑتال کی کال کو یکسر مستر د کر دیا‘ہسپتالوں کی ایمرجنسی اور اوپی ڈیز میں سینئر پروفیسرز اور ڈاکٹر ز معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹیز سرانجام دیتے رہے۔تفصیلات کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں چند عناصر کی ہڑتال کی کال کے بعدصوبائی دارلحکومت کے ہسپتالوں میں ایم ایس حضرات کائونٹرز، ایمرجنسیز اور اوپی ڈیز میں مریضوں کے علاج معالجہ کو خود مانیٹر کر رہے ہیں۔

ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر افتخار خود کائونٹر پر مریضوں کو چیک اپ کیلئے رجسٹرڈ کرتے رہے جبکہ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کی نگرانی میں میو ہسپتال کے او پی ڈیز، آپریشن تھیٹرز سمیت تمام شعبہ جات میں مریضوں کا علاج جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے سرجیکل ٹاور میں سینئر رجسٹرارز اور میڈیکل افسران سمیت مختلف شعبہ جات کے ڈاکٹر حضرات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وائس چانسلرز، پرنسپلز، ڈینز اور ایم ایس حضرات کی قیادت میں تمام ڈاکٹرز اور عملہ متحد ہے‘ سرکاری ہسپتالوں کی حدود میں کسی قسم کا ہنگامہ نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ نے شرپسند عناصر کے تمام تر حربے ناکام بنا دیئے ہیں اورتمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا بغیر کسی رکاوٹ مسلسل علاج معالجہ جاری ہے۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میاں شکیل بھی موجود تھے جنہوں نے ہال میں موجود ڈاکٹرز کے ایم ٹی آئی ایکٹ بارے تمام تحفظات دور کردیئے۔

وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل ‘ پرنسپل سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر محمود ایاز ‘پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز ‘ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر سلیم نے بھی نے فیکلٹی ممبران اور ڈاکٹرز سے ملاقات کی ‘جبکہ سمز کے ایسوسی ایٹ اور اسسٹنٹ پروفیسرز نے ایم ٹی آئی ایکٹ پر حکومت کا ساتھ دینے کی بھی مکمل یقین دہانی کرا دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں