اپوزیشن اپنی سیاست بچانے کیلئے آخری حربے کے طور پر مارچ کا جوا کھیل رہی ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

عوام ملک کی ترقی کے خلاف مارچ کرنے والوںکا محاسبہ اورواپس گھر تک چھوڑ کر آئینگے ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

منگل 15 اکتوبر 2019 12:24

اپوزیشن اپنی سیاست بچانے کیلئے آخری حربے کے طور پر مارچ کا جوا کھیل رہی ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی سیاست کو بچانے کیلئے آخری حربے کے طور پر مارچ کا جوا کھیل رہی ہے لیکن اس کی ناکامی سے ان کی رہی سہی سیاست کوبھی منوں مٹی تلے دفن ہو جائے گی ،ایف اے ٹی ایف کی جانب سے ایشیاء پیسفک گروپ کی رپورٹ کی توثیق سے ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی سیاست آخری سانسوںپر ہے اور تدبیر کے طور پر ایک دوسرے کا کاندھا استعمال کرتے ہوئے مارچ کا منصوبہ ترتیب دیا جارہا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) ،پیپلز پارٹی اور ان کی اتحادی جے یو آئی (ف) نے غربت، مہنگائی،جہالت کے خلاف اور عوام کی زندگیوںمیں خوشحالی لانے کیلئے تو کبھی مارچ نہیں کیا لیکن اپنی چوری او رڈکیتی بچانے کیلئے کرپشن اور لوٹ مار کے وسائل کو استعمال کیاجارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اب لوٹ مار کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا بلکہ انہیں قوم کی لوٹی ہوئی پائی پائی واپس کرنا ہو گی ۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن اس وقت خود تذبذب کا شکارہے اور انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہی ،ملک کی ترقی کے خلاف مارچ کرنے والوںکا عوام ان کا محاسبہ کریں گے اور انہیں واپس گھر تک چھوڑ کرآئیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں