ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الہی سے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے وفد کی ملاقات

ہلال احمر 26 اکتوبر کو المصطفیٰ کے امدادی سامان کے 100 ٹرکوں کا کاروان سری نگر بھیجنے میں مدد کرے، وفد کی درخواست

منگل 15 اکتوبر 2019 23:14

لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) المصطفٰے ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے وفد نے ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی سے ریڈ کراس پنجاب کے دفتر میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران المصطفٰے کے وفد نے چیئرمین ہلال احمر کو کرفیو سے متاثرہ کشمیری بچوں کیلئے چلائی جانے والی’’ سیو آور چلڈرن ان کشمیر‘‘ مہم کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ المصطفٰے نے 26 اکتوبر کو اشیائے خورونوش اور ادویات پر مشتمل 100 ٹرکوں کا کاروان مظفرآباد سے براستہ چکوٹھی سرینگر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفد نے ڈاکٹر سعید الہی سے انسانیت کے نام پر اپیل کی کہ ہلال احمر اور ریڈ کراس اس ریلیف مشن فار کشمیری چلڈرنز میں المصطفٰے کے ساتھ تعاون کریں اور کشمیری بچوں کی جانیں بچانے کیلئے ادویات اور کھانے پینے کے ضروری سامان کی مقبوضہ کشمیر میں ترسیل ممکن بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

وفد نے کہا کہ المصطفٰے ہر طرح کے نسلی، ملکی، مذہبی تعصب سے بالاتر ہر کر خالصتا انسانی بنیادوں پر کشمیری بچوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچانے کیلئے مخلصانہ کوشش کر رہی ہے۔

المصطفٰے کے 26 اکتوبر کے ریلیف کاروان میں برطانوی پارلیمنٹ اور ہاؤس آف لارڈز کے ممبران، ریٹائرڈ ججز، سول سوسائٹی کے اہم افراد، انٹرنیشنل میڈیا کے نمائندے، شاعر، ادیب، دانشور، علماء و مشائخ، کھلاڑی اور کاروباری شخصیات شریک ہونگی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سعید الہی نے المصطفٰے کے وفد کو تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ہلال احمر عالمی اداروں کے تعاون سے المصطفٰے کا امدادی سامان مقبوضہ کشمیر بھجوانے کی پوری کوشش کریگا۔ المصطفٰے کے وفد میں محمد نواز کھرل، تجمل گرمانی اور ملک فیاض اطہر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ریڈ کراس پنجاب کے صدر جسٹس شیخ احمد فاروق بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں