رواں سال 9 سپیشل ایجوکیشن سنٹرز اور دو ڈگری کالج قائم کئے جائیں گے، وزیر سپیشل ایجوکیشن

خصوصی بچوں کے والدین کی رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن 1162 قائم کی گئی ہے،چوہدری محمد اخلاق

منگل 15 اکتوبر 2019 23:16

لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) گورنمنٹ سیکنڈری انسٹی ٹیوٹ برائے نابینا خواتین میں سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن راشد منصور، ڈی جی پرویز اقبال نے بھی تقریب میں شرکت کی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سپیشل ایجوکیشن نے کہا کہ آج بصارت سے محروم بچوں کے لئے بصیرت کا تجدید عہد کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوش قسمت ہوں کہ ایسے ادارے کا حصہ ہوں جہاں کام کرنے سے بھی ثواب بھی ملتا ہے۔سفید چھڑی کے عالمی دن کا مقصد لوگوں کو بصارت سے محروم افراد کے حقوق بارے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ نابینا افراد کی نقل و حمل میں آسانی پیدا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی افراد کی زندگی میں آسانیاں لانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

پنجاب میں 294 خصوصی تعلیم کے ادارے کام کر رہے ہیں۔ خصوصی طلباء کو مفت تعلیم کے ساتھ ہاسٹل، ماہانہ وظیفہ اور سفری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ رواں مالی سال میں 9 سپیشل ایجوکیشن سنٹرز قائم کئے جائیں گے۔ ڈی جی خان اور سرگودھا میں ڈگری کالج قائم کئے جائیں گے۔پہلے سے موجود 18 سنٹرز میں نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔خصوصی بچوں کے والدین کی رہنمائی کے لئے ہیلپ لائن 1162 قائم کی گئی ہے۔

اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک حاضری کا آغاز کیا ہے۔محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں پچھلے سالوں کی نسبت نمایاں بہتری آئی ہے۔ لوگوں کو خصوصی اداروں سے متعلق آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم بچوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق فنی تربیت فراہم کی جائے گی، تقریب میں سپیشل بچوں نے ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں