پنجاب بیت المال کے وسائل میں اضافہ کر کے اسے صحیح معنوں میں محروم افراد کا سہارا بنایا جائیگا‘ راجہ بشارت

وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق غریبوں کے لیے شروع کیے گئے پروگرام ’’احساس‘‘کو کامیاب بنائینگے‘وزیر قانون، سوشل ویلفیئر

بدھ 16 اکتوبر 2019 00:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب بیت المال کے وسائل میں اضافہ کر کے اسے صحیح معنوں میں مستحق اور محروم افراد کا سہارا بنایا جائے گا۔وہ پندرہ رکنی نئی بیت المال کونسل کے تعارفی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔امین پنجاب بیت المال ملک محمد اعظم اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب بیت المال کے پلیٹ فارم سے غریبوں کے لیے شروع کیے گئے پروگرام ’’احساس‘‘کو کامیاب بنائیں گے۔انہوں نے کونسل کے نئے ارکان کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ اپنی مہارت اور تجربے سے بیت المال کو عوام کے لیے مفید ادارہ بنانے میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں امین بیت المال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کے ذریعے فلاحی تنظیموں، نادار اور معذور افراد، یتیم، بیوہ، بے وسیلہ افراد اور مستحق طلبا وطالبات کی مالی امداد کی جاتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس ادارے کو مثالی بنانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔کونسل کے ارکان نے صوبائی وزیر کی معاونت کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیر اعلی پنجاب کی توقعات کے مطابق بیت المال کو ریاست مدینہ کے اصولوں کو معاشرے میں رائج کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں