ڈاکٹروں کی ہڑتال :جنرل ہسپتال میں پرنسپل کی زیر نگرانی 6 مریضوں کے سی سیکشن کیے گئے

خواتین اور نومولودوں کی جانیں بچانے پر پروفیسر ڈاکٹر سردارمحمد الفرید ظفر کے شکرگزار ہیں‘لواحقین کی گفتگو

بدھ 16 اکتوبر 2019 16:49

ڈاکٹروں کی ہڑتال :جنرل ہسپتال میں پرنسپل کی زیر نگرانی 6 مریضوں کے سی سیکشن کیے گئے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) سرکاری ہسپتالوں میںڈاکٹروں کی ہڑتال سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر آف گائنی ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کی زیر نگرانی خواتین لیڈی ڈاکٹرز کی ٹیم نے تشویشناک حالت کی6حاملہ خواتین کے سی سیکشن کر کے اُن کی جانیں بچا لی گئیں ،تمام خواتین اور اُن کے بچے رو بصحت ہیں جبکہ ایک خاتون کی انتہائی پیچیددہ سرجری بھی گئی ۔

مریضوں کے لواحقین نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال کے دوران مریضوں کو علاج معالجے کی بر وقت طبی سہولتوں کی فراہمی پر پرنسپل لاہور جنرل ہسپتال کو خراج تحسین پیش کیا اور اُن کے ذمہ دارانہ رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خواتین اور دنیا میں آنے والے نومولودوں کی جانیں بچانے پر پروفیسر ڈاکٹر سردارمحمد الفرید ظفر کے شکرگزار ہیں ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے طبی ماہرین نے پرنسپل پی جی ایم آئی و جنرل ہسپتال کی طرف سے اٹھائے گئے اس مثبت اقدام کو شاندار الفاظ میں سراہا ،انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور مریضوں کی جانیں بچانا کسی بھی ڈاکٹر کی اولین ذمہ داری ہے ،انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو اپنے حقوق کی جدوجہد کے علاوہ بنیادی فرائض کی انجام دہی کو فراموش نہیں کرنا چاہیے کیونکہ جس نے ایک جان بچائی اُس نے ساری انسانیت کو بچایا ،انہوں نے کہا کہ اگر پرنسپل پروفیسر سردار محمد الفرید ظفر بروقت قدم نہ اٹھاتے تو کئی انسانی جانیں ضائع ہو سکتی تھیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں